چیف جسٹس کے حکم پر پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل میمن ہسپتال سے جیل منتقل

muhammad ali محمد علی ہفتہ 17 فروری 2018 19:02

چیف جسٹس کے حکم پر پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل میمن ہسپتال سے جیل منتقل
کراچی(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔17 فروری 2018ء) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کے حکم پر پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل انعام میمن کو اسپتال سے جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات چیف جسٹس ثاقب نثار نے سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں شرجیل میمن کو جیل سے اسپتال منتقل کرنے سے متعلق نوٹس کی سماعت کی۔ اس موقع پر آئی جی جیل خانہ جات نصرت منگن نے عدالت کو بتایا کہ سندھ ہائی کورٹ نے ضمانت مسترد کی تھی جس پر 24 اکتوبر 2017 کو شرجیل میمن کو جیل بھیجا گیا اور پھر ڈاکڑز کی سفارش پر انہیں اسپتال منتقل کیا گیا۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس نے آئی جی جیل خانہ جات سے استفسار کیا کہ کیا 2 دن بعد ہی شرجیل کو جیل سے ہسپتال منتقل کر دیا گیا؟ آئی جی نصرت منگن نے جواب دیا کہ نیب کورٹ نے میڈیکل بورڈ بنانے کی ہدایت دی تھی۔ اس موقع پر چیف جسٹس نے کہا کہ نیب کورٹ نے صرف ٹیسٹ کرانے کا کہا تھا لیکن آپ کو کس نے ہسپتال بھیجنے کی اتھارٹی دی اور کہاں لکھا ہے کہ اسپتال منتقل کریں؟ شرجیل میمن کو کسی عدالت نے اسپتال بھیجنےکا نہیں کہا اور یہ خود ساختہ رپورٹس ہیں اسی لیے شرجیل میمن کو آج ہی جیل منتقل کیا جائے۔ اس موقع پر جسٹس ثاقب نثار شرجیل میمن کے کیس کو کسی طرح سے پنجاب منتقل کرنے کا بھی عندیہ دیا۔