Live Updates

آصف علی زرداری کے رائو انوار کو بہادر قرار دینے کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، ڈاکٹر عارف علوی

میڈیا نے بے گناہ نوجوان کے ناحق قتل پر انصاف کے لیے آواز اٹھائی لیکن یہ آصف علی زرداری کو گوارا نہیں ہوا،رہنما تحریک انصاف

ہفتہ 17 فروری 2018 18:35

آصف علی زرداری کے رائو انوار کو بہادر قرار دینے کی بھرپور مذمت کرتے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 فروری2018ء) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدروایم این اے ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور آصف علی زرداری رائو انوار کو بچانے کے لیے سرگرم ہو گئے ہیں۔ جس طرح پہلے ایم کیو ایم اپنے ٹارگٹ کلرز کو بچاتی تھی، اسی طرح آصف زرداری اب رائو انوار کو بچانا چاہتے ہیں۔ یہ باتیں انہوں نے پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہائوس ‘‘سے جاری کردہ اپنے ایک بیان میں کہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم آصف علی زرداری کے رائو انوار کو بہادر قرار دینے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ بہادر وہ ہوتا ہے جو سچائی اور حق کے لیے اپنی جان قربان کرے۔ اپنے سرکاری اختیارات اور منصب کا ناجائز استعمال کرکے قوم کے نوجوانوں کی جانوں کے ساتھ کھیلنے والا شخص بہادر نہیں بلکہ بزدل ہے اور آصف علی زرداری اس کی تعریف کرکے دراصل اس کی سرپرستی کا اقرار کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اگر آپ نے پولیس کی وردی پہن رکھی ہے تو دنیا کا کون سا قانون آپ کو پولیس مقابلے کے نام پر بے قصوروں کی جان لینے کی اجازت دیتا ہے۔ قتل ناحق کے حق میں آصف زرداری تو کیا، پوری انسانیت بھی کھڑی ہوجائے اور کہے کہ یہ جائز ہے تو بھی خدا کا فیصلہ اس کے خلاف ہی آئے گا۔ رائو انوار جیسے کراچی کے ہزاروں نوجوانوں کے قاتل کا دفاع کرنے پر آصف زرداری کو شرم آنی چاہئے۔

آصف زرداری کا میڈیا پر رائو انوار کے خلاف پروپیگنڈہ کرنے کا الزام غلط ہے۔ پروپیگنڈہ جھوٹی بات کو سچ ثابت کرنے کے لیے کیاجاتا ہے۔ میڈیا نے تو ایک بے گناہ نوجوان کے ناحق قتل پر انصاف کے لیے آواز اٹھائی لیکن یہ آصف علی زرداری کو گوارا نہیں ہوا۔ پاکستان تحریک انصاف اس معاملے میں میڈیا کے کردار کو قابل قدر سمجھتی ہے اور ہم ایسے معاملات پر آواز اٹھانے میں پہلے بھی میڈیا کا ساتھ دیتے تھے اور آئندہ بھی دیں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات