فیصلے امپائر کی انگلی نہیں عوام کے انگوٹھے کرتے ہیں۔ مجھے نکال دیا گیا ہے مگر کرپشن کا کوئی الزام ثابت نہیں ہوسکا، مجھے بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نکالا گیا۔نوازشریف کا لودھراں میں خطاب

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 17 فروری 2018 16:41

فیصلے امپائر کی انگلی نہیں عوام کے انگوٹھے کرتے ہیں۔ مجھے نکال دیا ..
لودھراں(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔17 فروری۔2018ء) مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ لودھراں کے عوام نے ثابت کردیا کہ فیصلے امپائر کی انگلی نہیں عوام کے انگوٹھے کرتے ہیں۔لودھراں میں مسلم لیگ (ن) کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ 1985 سے عوام کی خدمت کررہا ہوں، میرے بعد شہباز شریف نے جو خدمت کی ہے اس کی مثال نہیں ملتی۔

میں اب وزیر اعظم نہیں رہا ، مجھے نکال دیا گیا ہے، مجھ پر کرپشن کا کوئی الزام ثابت نہیں ہوا، مجھے بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نکالا گیا۔ عوام کو آئندہ انتخابات میں بڑے فیصلے کرنے ہیں، اس ملک میں گزشتہ 70 برسوں سے جو کچھ ہوتا آیا ہے اسے بدلنا ہے، ووٹ کے تقدس کی حفاظت کرنی ہے۔نواز شریف نے کہا کہ لودھراں کے عوام نے جھوٹ بولنے والوں کو رد کردیا، عوام نے ثابت کیا کہ فیصلے امپائر کی انگلی نہیں عوام کے انگوٹھے کرتے ہیں، لودھراں کے عوام کا فیصلہ آج ہر جگہ گونج رہا ہے، 2018 کے انتخابات میں ملک کا ہر حلقہ لودھراں بن جائے گا، لاڈلہ کہتا ہے کہ لودھراں سے سبق سیکھیں گے، وہ خود سبق نہیں سیکھے گا قوم اسے سبق سکھائی گی۔

(جاری ہے)

نواز شریف نے کہا کہ لودھراں کے ضمنی انتخاب میں جیت پر مجھے بے حد خوشی ہے اور سمجھ نہیں آرہا کہ میں لودھراں کے عوام کو کیسے مبارکباد دوں۔انہوں نے کہا کہ آج لودھراں کا فیصلہ پوری دنیا میں گونچ رہا ہے، اور 2018 کے انتخابات میں پاکستان کا ہر حلقہ لودھراں بن جائے گا۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے تکبر کیا اور کہا کہ وہ پہلے سے بھی زیادہ ووٹ لیں گے، لیکن اللہ کو یہ پسند نہیں آیا اور 27 ہزار ووٹ سے ہار گئے۔

نواز شریف نے کہا کہ لودھراں میں پانی و بجلی کے منصوبے لگ رہے ہیں اور متعدد ہسپتال بھی بن رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان کے دورِ حکومت میں مثالی کام ہوئے، گزشتہ حکومتوں نے عوام کے لیے کچھ نہیں کیا، اور نہ ہی کسی نے ان حکمرانوں سے کبھی اس بارے میں سوال کیا۔نواز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت 4 سال کے عرصے میں پاکستان میں بجلی لے کر آئی، اور ملک میں 20، 20 مہینوں میں منصوبے لگ رہے ہیں۔

سندھ میں پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کراچی میں روز ہڑتالیں اور مظاہرے ہوتے تھے لیکن وہاں وفاقی حکومت نے امن و امان قائم کردیا۔انہوں نے کہا کہ ملک میں جتنے بھی ترقیاتی منصوبے جاری ہیں وہ تمام مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ہی لگائے ہیں جو ایک ریکارڈ ہے۔ قبلِ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے لودھراں میں ورکرزکنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لودھراں کے عوام نے مسلم لیگ (ن) کو کامیاب بنا کر مجھے اور سابق وزیراعظم کو خرید لیا۔

لودھراں والوں نے آج امریکا کے پانچ ارب ڈالر کو ٹھکرانے والے اور پاکستان کو ایٹمی پاور بنانے والے کو آپ نے کامیاب بنایا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے لودھراں میں کہا تھا کہ یہاں چوروں اور لٹیروں کو شکست ہوگی اور اللہ کے فضل و کرم سے آج چوروں لٹیروں کو شکست ہوئی۔شہباز شریف نے کہا کہ لودھراں کے عوام نے قرضہ معاف کروانے والوں کو شکست دی اور اے ٹی ایم مشین کو اکھاڑ کر پھینک دیا۔

انہوں نے کہا کہ لودھراں میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی کا ڈنکہ پوری دنیا میں بج رہا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ لودھراں کے عوام نے اس فتح کے ساتھ ہی عمران خان کی اے ٹی ایم مشین چھین لی ہے، اب یہ خزانہ لودھراں کے عوام کی خدمت کے لیے استعمال ہوگا۔انہوں نے کہا کہ لودھراں کے عوام نے پہلے ہی مجھے خرید لیا ہے، میں اب ان کا مکمل خادم بن گیا ہوں، یہ جو حکم کریں گے وہ میں کروں گا اور اپنا کوٹ بیچ کر بھی آپ کو خوش کروں گا۔

متعلقہ عنوان :