میکسیکو میں 7.2شدت کا زلزلہ،عمارتیں لرز اٹھیں،لوگوں میں خوف وہراس

زلزلے سے نقصانات کا اندازہ لگانے والا فوجی ہیلی کاپٹر اچانک گر کر تباہ ، زمین پر موجود 2 افراد ہلاک ،ہیلی کاپٹر پر سوار میکسیکو کے وزیرداخلہ اور گورنر محفوظ رہے، زلزلے سے چند عمارتوں کو جزوی نقصان پہنچا ، ایک لاکھ لوگوں کو بجلی کی فراہمی متاثر زلزلے کا مرکز ریاست اوحاکا کے شمال مشرقی علاقے پینوٹیپا سے 53 کلومیٹر دور زیرزمین 24 کلومیٹر میں تھا،امریکی ارضیاتی سروے

ہفتہ 17 فروری 2018 14:36

میکسیکو سٹی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 فروری2018ء) میکسیکو کے جنوبی اور وسطی علاقے ایک طاقتور زلزلے کے جھٹکوں سے لرز اٹھے جس کی شدت 7.2 ریکارڈ کی گئی۔غیر ملکی میڈیاکے مطابق گزشتہ شام آنے والے زلزلے سے بلند و بالا عمارتوں اور گھروں سے لوگ باہر نکل آئے۔ یہ لوگ پانچ ماہ قبل آنے الے مہلک زلزلے کے خوف سے ابھی پوری طرح بحال نہیں ہو پائے تھے۔

میکسیکو شہر کے مرکزی ریفارما ایونیو اور ریاست اوحاکا کی گلیوں میں زلزلے سے خوفزدہ لوگ کھلے آسمان تلے جمع ہوئے۔امریکی ارضیاتی سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 7.2 تھی اس کا مرکز ریاست اوحاکا کے شمال مشرقی علاقے پینوٹیپا سے 53 کلومیٹر دور زیرزمین 24 کلومیٹر میں تھا۔زلزلے سے ہونے والے نقصانات کا اندازہ لگانے کے لیے جانے والا ایک فوجی ہیلی کاپٹر اچانک گر کر تباہ ہو گیا جس سے زمین پر موجود کم از کم دو افراد ہلاک ہوگئے۔

(جاری ہے)

ہیلی کاپٹر پر میکسیکو کے وزیرداخلہ الفونسو ناوریٹ پریڈا اور اوحاکا کے گورنر الہانڈرو مرٹ سوار تھے جو اس حادثے میں محفوظ رہے۔اوحاکا ریاست کے حکام کے مطابق زلزلے سے چند عمارتوں کو جزوی نقصان پہنچا اور ایک لاکھ لوگوں کو بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔حکام کے بقول متاثرہ عمارتوں کے رہائیشیوں کے لیے عارضی پناہ گاہیں بھی قائم کر دی گئی ہیں۔مرکزی شہر میکسیکو میں لگ بھگ ایک منٹ تک اس زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے اور کئی پرانی عمارتوں میں دراڑیں بھی پڑ گئیں۔میکسیکو شہر اور جنوبی علاقے گزشتہ ستمبر میں آنے والے زلزلے سے بری طرح متاثر ہوئے تھے اور اس میں 360 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔جمعہ کو آنے والے زلزلے کے جھٹکے گوئٹے مالا میں بھی محسوس کیے گئے۔