انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی اور پی سی بی کے درمیان اینڈرائیڈ کرکٹ ایپلیکیشن "ان سائٹس" کا معاہدہ کل ہوگا

ہفتہ 17 فروری 2018 14:27

لاہور۔17 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2018ء) انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی اور پی سی بی کے درمیان اینڈرائیڈ کرکٹ ایپلیکیشن "ان سائٹس" کا معاہدہ کل ہوگا۔انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر عمر سیف اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم عزیز سیٹھی 18 فروری 2018 بروز اتوار کو سہ پہر 4 بجے قدافی اسٹیڈیم لاہور میں اینڈرائیڈ کرکٹ ایپلیکیشن "ان سائٹس" کیلئے معاہدہ کریں گے۔

(جاری ہے)

آئی ٹی یو کی جانب سے تیار کردہ یہ ایپلیکیشن پی ایس ایل کے آنے والے ایڈیشن، قائد اعظم ٹرافی، پاکستان کپ اور ڈومیسٹک میچوں کے تجزیے اور اسکور کی سہولت فراہم کرے گی۔ یہ ایپلیکیشن کرکٹ ماہرین انضمام الحق ، مشتاق احمد اور دیگر پاکستانی بلے بازوں کی مشاورت اور رہنمائی کے ساتھ تیار کی گئی ہے۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی کی ریسرچ ٹیم کی طرف سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے لیے تیار کردہ سسٹم "ان سائٹس" ماہر کھلاڑیوں کے تجزیے کا نظام ہے۔ ویب اور اینڈرائیڈ پر مشتمل ایک متوازی سکورنگ ایپلیکیشن کا نظام، جس کے ذریعے میچ کی ایک ایک منٹ کی تفصیلات، جگہ کا تعین ، پچ اور موسم کی معلومات، گیند پچ سپاٹ، سوئنگ، اونچائی کا تخمینہ اور ٹاس کی معلومات کا پتہ لگایا جا سکتا ہے۔