بھارت کے جابرانہ قبضے کی وجہ سے کشمیری سخت مشکلات کا شکار ہیں ،ْ میر واعظ

اظہار رائے پر پابندی اور احتجاج کے تمام راستوں کو رکاوٹوں کے ذریعے بند کرنے سے مسئلہ کشمیر ختم نہیں ہو گا ،ْحریت چیئر مین جب تک مسئلہ کشمیر کے حل کا جائز مطابہ تسلیم نہیں کیا جاتا مساجدکے ممبر و محراب سے بھی یہ مطالبہ سامنے آتا رہے گا ،ْبیان

ہفتہ 17 فروری 2018 14:23

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 فروری2018ء) مقبوضہ کشمیر میںحریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے جامع مسجد سرینگر کو با ر بار سیل کر کے لوگوں کو وہاں جمعہ کی نماز پڑھنے سے روکنے پر قابض انتظامیہ کی شدید مذمت کی ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے سرینگر میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اظہار رائے پر پابندی اور احتجاج کے تمام راستوں کو رکاوٹوں کے ذریعے بند کرنے سے مسئلہ کشمیر ختم نہیں ہو گا۔

انہوںنے کہا کہ بھارت کے جابرانہ قبضے کی وجہ سے کشمیری گزشتہ ستر برس سے باالعموم اور گزشتہ تیس برس سے باالخصوس سخت مشکلات کا شکار ہیں ۔ میرواعظ نے کہا کہ جب تک مسئلہ کشمیر کے حل کا جائز مطابہ تسلیم نہیں کیا جاتا مساجدکے ممبر و محراب سے بھی یہ مطالبہ سامنے آتا رہے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا یہ انتہائی دکھ کی بات ہے کہ اس مسئلے کی وجہ سے روزانہ قیمتی انسانوں جانیں ضائع ہو رہی ہیں لیکن اگربھارت ہٹ دھرمی پر مبنی پالیسی ترک کر کے مثبت روش اپنائے تو یہ المناک صورتحال اسی صورت تبدیل ہوسکتی ہے۔

۔ میرواعظ نے کہاکہ گذشتہ70 برس کے تجربے سے ظاہر ہے کہ مسئلہ کشمیر کوفوجی طاقت سے ہرگز حل نہیں کیا جاسکتا لہذا بھارت اور پاکستان بالغ نظری اور سمجھداری کا مظاہرہ کرکے مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حق خود ارادیت کے اصول کی بنیاد پر حل کریں۔دریں اثناء میرواعظ نے صورہ اسپتال جاکر لبریشن فرنٹ کے علیل چیئرمین جناب محمد یاسین ملک کی عیادت کی اور ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔