سابق وزیر اعظم ،انکی بیٹی سپریم کورٹ کیخلاف مہم جوئی سے باز آ جائیں ورنہ وکلاء تنظیمیں مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرینگی ‘لاہور ہائیکورٹ بار

وکلاء چیف جسٹس اور عدالت عظمیٰ کے محافظ کسی طور بھی سپریم کورٹ کے وقار وعزت پر حرف نہ آنے دینگے ‘ چوہدری ذوالفقار علی و دیگر کا مشترکہ بیان

ہفتہ 17 فروری 2018 14:23

سابق وزیر اعظم ،انکی بیٹی سپریم کورٹ کیخلاف مہم جوئی سے باز آ جائیں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 فروری2018ء) لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم اور انکی بیٹی مریم نواز کی جانب سے مسلسل عدالت عظمیٰ اور ججز صاحبان کے خلاف ہرزہ سرائی کا سلسلہ جاری ہے جسکی بھر پور انداز میں مذمت کرتے ہیں اور انکو تنبیہ کرتے ہیں کہ وہ عدلیہ اور سپریم کورٹ کے خلاف مہم جوئی سے باز آ جائیں بصورت دیگر پاکستان بھر کی وکلاء تنظیمیں مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرتے ہوئے لانگ مارچ کی کال دیں گی ۔

صدر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن چوہدری ذوالفقار علی ،نائب صدر راشد جاوید لودھی ،سیکرٹری عامر سعید راں اور فنانس سیکرٹری محمد ظہیر بٹ نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ پاکستان بھر کے ڈیڑھ لاکھ وکلاء چیف جسٹس آف پاکستان اور عدالت عظمیٰ کے محافظ ہیں اور کسی طور بھی سپریم کورٹ کے وقار اور عزت پر حرف نہ آنے دیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور انکی حکومت کا عدالت عظمیٰ کے حوالے سے تاریک ماضی ہے 1997ء میں جس طرح سپریم کورٹ پر حملہ کیا گیا تھا آج اسی روش کو دہرایا جا رہا ہے لیکن نواز شریف اپنے مذموم عزائم میں ناکام ہونگے کیونکہ پاکستان کی جمہوری قوتیں ، سول سوسائٹی اور وکلاء عدلیہ اور ریاستی اداروں کے خلاف ہونے والی سازشوں کو ناکام بنائیں گے اور کرپشن کے خلاف سپریم کورٹ نے جس کام کا آغاز کیا ہے وہ پایا تکمیل تک پہنچے گا ۔

بیان میں کہاگیا کہ پاکستان میں قانون کی حکمرانی اور انصاف کا بول بالا ہو گا ، وکلاء نام نہاد تحریک عدل کا مقابلہ کرنے کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں اور مشکل کی اس گھڑی میں عدالت عظمیٰ کے چیف جسٹس اور ججز کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں اور انکو یقین دلاتے ہیں کہ پاکستان بھر کی عوام عدالت عظمیٰ کے ساتھ ہے جو کہ آئین اور قانون کے مطابق اپنی ذمہ داریاں پوری کر رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :