بھارتی سپریم کورٹ نے 100سال پرانا پرانے تنازعہ کا فیصلہ سنا دیا

ریاستوں کے درمیان دریائے کاویری کے پانی سے متعلق تنازعہ کا فیصلہ خود چیف جسٹس نے سنایا

ہفتہ 17 فروری 2018 11:40

بھارتی سپریم کورٹ نے 100سال پرانا پرانے تنازعہ کا فیصلہ سنا دیا
نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 فروری2018ء) بھارتی سپریم کورٹ نے تقریبا ایک صدی پرانے پانی کے تنازعے سے متعلق فیصلہ سنا دیا ہے، یہ فیصلہ بھارت کے بڑے دریاؤں میں سے ایک دریائے کاویری سے متعلق ہے۔بھارتی ٹی وی کے مطابق سپریم کورٹ کے اس بینچ کی سربراہی چیف جسٹس دیپک مِشرا خود کر رہے تھے۔ انہوں نے اپنے فیصلے میں کرناٹک ریاست کو ملنے والے دریائی پانی میں اضافہ جبکہ تامل ناڈو ریاست کے لیے پانی کا مخصوص کوٹہ کم کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

دریائے کاویری بھارت کے بڑے دریاؤں میں سے ایک ہے اور اسے کرناٹک اور تامل ناڈو کی ریاستوں کے لیے انتہائی اہم خیال کیا جاتا ہے۔ یہ دریا کرناٹک ریاست سے بہتا ہوا نیچے کی طرف ریاست تامل ناڈو کی طرف جاتا ہے اور پھر خلیج بنگال سے بحرہند میں جا گرتا ہے۔

(جاری ہے)

سپریم کورٹ کے حکم نامے کے مطابق ریاست کرناٹک اب تقریبا ایک سو ستتر بلین کیوبک فٹ پانی تامل ناڈو کو دیا کرے گی۔

یہ اس کوٹے سے ایک سو بانوے بلین کیوبک فٹ کم ہے، جو پہلے تامل ناڈو کو فراہم کیا جاتا تھا۔ قبل ازیں تامل ناڈو کے لیے پانی کا یہ کوٹہ سن دو ہزار سات میں بننے والے کاویری واٹر ٹریبیونل نے مختص کیا تھا۔کرناٹک حکومت کے مشیر موہن وی کٹرکی کا عدالت کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھاکہ اس فیصلے کے دور رس نتائج ثابت ہوں گے اور یہ امن کے ساتھ ساتھ تلخیوں کے خاتمے کا موجب بھی بنے گا، یہ ایک متوازن فیصلہ ہے۔

دریائے کاویری ایک طویل عرصے سے دونوں ریاستوں کے درمیان تنازعے کا باعث بنا ہوا ہے۔ دونوں ریاستوں کا موقف ہے کہ ان کے کسانوں کو اپنی فصلوں کے لیے زیادہ پانی کی ضرورت ہے۔ دونوں ریاستوں کے مابین یہ تنازعہ ماضی میں کیے جانے والے دو معاہدوں کے بعد شروع ہوا تھا۔ ان میں سے ایک معاہدہ 1892جبکہ دوسرا 1924 میں طے پایا تھا۔اس عدالتی فیصلے کے سیاسی نتائج بھی ثابت ہوں گے کیوں کہ چند ماہ بعد ہی کرناٹک ریاست میں انتخابات ہونے والے ہیں۔ دوسری جانب تامل ناڈو ریاست نے ممکنہ احتجاجی مظاہروں کے پیش نظر سکیورٹی کے انتظامات سخت کر دیے ۔ اس ریاست کے کسانوں نے اس عدالتی فیصلے پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔