جڑواں بھائی کو اپنی جگہ جیل میں چھوڑ کر فرار ہونے والا قیدی پکڑا گیا

Ameen Akbar امین اکبر جمعہ 16 فروری 2018 23:47

جڑواں بھائی کو اپنی جگہ جیل میں چھوڑ کر فرار ہونے والا قیدی پکڑا گیا

الیگزینڈر جیفرسن ڈیلگاڈؤ کا تعلق پیرو سے ہے۔  جنسی زیادتی اور ڈکیتی کے الزام میں قید الیگزینڈر کو جیل سے فرار کے ایک سال بعد پکڑ لیا گیا ہے۔ الیگزینڈر جیل میں خود سے ملنے والے آنے اپنے ہم شکل  جڑواں بھائی کو نشہ دے کر بے ہوش کرنے کے بعد اس کے کپڑے پہن کر فرار ہو گیا تھا۔
10 جنوری 2017 کو الیگزینڈر پیرو کی محفوظ ترین جیل پیڈراس گورڈاس سے فرار ہوگیا تھا۔

الیگزینڈر اس جیل سے 12 سالوں میں فرار ہونے والا پہلا شخص تھا۔
فرار کے دن الیگزینڈر کا ہم شکل جڑواں بھائی گیانکارلو اس سے ملنے، کھانا اور اس کے دوستوں کے خطوط دینے آیا تھا۔
28سالہ دونوں بھائیوں کی ملاقات جیل کے کامن روم میں ہوئی۔ ملاقات کے بعد الیگزینڈر اپنے بھائی کو اپنی کوٹھری میں لے گیا اور اسے نشہ آورسوڈا پینے کی پیش کش کی۔

(جاری ہے)

سوڈا پینے کے بعد الیگزینڈر کا بھائی بے ہوش ہو گیا۔ جب اس کی آنکھ کھلی تو اس کے سر پر جیل کے گارڈ کھڑے تھے۔ جب الیگزینڈر کے بھائی نے انہیں حقیقت بتائی تو سیکورٹی گارڈز نے یقین کرنے سے انکارکر دیا۔ تاہم کافی اصرار کے بعد جیل حکام نے الیگزینڈر کے بھائی کے فنگرپرنٹ اپنے پاس موجود فائل میں فنگرپرنٹ سے ملائے لیکن الیگزینڈر کا بھائی ثابت ہونے کے بعد بھی اس کی مشکلات میں کمی نہیں ہوئی۔

سب اسے مظلوم سمجھنے کی بجائے بھائی کے فرار میں معاونت کرنے والا سمجھ رہے تھے۔اگرچہ الیگزینڈر کے بھائی پر کوئی الزام عائد نہیں کیا گیا تھا لیکن پھر بھی اس پر شک کیا جا رہا تھا۔ جیل کی سیکورٹی کیمروں کی ویڈیو دیکھنے سے پتا چلا کہ الیگزینڈر بڑے آرام سے اپنے بھائی کے کپڑے اور جوتے پہن کر 6 چیک پوائنٹس سے چیکنگ کرا کر نکل گیا۔ اس واقعے کے بعد جیل کے ڈائریکٹر اور بہت سے گارڈ کو نوکری سے نکال دیا گیا۔

چیک پوائنٹس کے گارڈز نے الیگزینڈر کے ہاتھ پر وہ مہر چیک کرنے کی زحمت نہیں کی، جو وہاں آنے والے ملاقاتیوں کے بازو پر لگائی جاتی ہے۔
الیگزینڈر ایک سال تک تو آزاد گھومتا رہا لیکن کچھ دن پہلے اسے دارالحکومت لیما کے قریبی ساحلی شہر کالاؤ کے ایک مکان سے گرفتار کر لیا گیا۔ اس کے بارے میں اطلاع دینے والے کے لیے 20000 سولز یا 6100 ڈالر انعام تھا۔

متعلقہ عنوان :