ملتان،مسلم لیگ ن یوتھ ونگ کے کارکنوں کا کنٹرول لائن پر بھارتی جارحیت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ ،پاک فوج کے حق میں نعرہ بازی

جمعہ 16 فروری 2018 23:01

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 فروری2018ء) کنٹرول لائن پر بھارتی جارحیت کے خلاف مسلم لیگ ن یوتھ ونگ کے کارکنوں نے سٹی کوارڈینٹر عبدالرحمن فری کی قیادت میں خانیوال روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں کارکنان کی کثیر تعداد نے شرکت کی، اس موقع پر مظاہرین نے بھارت کے خلاف اور پاک فوج کے حق میں نعر ے بازی کی اور بھارتی پرچم نذر آتش کیا جبکہ سڑکوں پر ٹائر جلا کر شدید احتجاج کیا، مظاہرے کے شرکائ سے خطاب کرتے ہوئے مقررین سٹی کوارڈینٹر مسلم لیگ ن عبدالرحمن فری نے کہا کہ بھارت لائن آف کنٹرول پرمذموم حرکتیں کرکے اپنی قبر خود کھود رہا ہے بھارت اپنی بربادی کی راہ پر چل پڑا ہے پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ ہے مظاہرین کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ بھارت کو لگام ڈالے انہوں نے کہا کہ بھارتی جارحیت کے خلاف پوری قوم متحد ہے اور افواج پاکستان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت کی بالااشتعال فائرنگ سے نہتے شہری شہید ہورہے ہیں،سکول وین اور معصوم شہریوں پر فائرنگ اور گولہ باری سے بھارت کا بدنما چہرہ دنیا کے سامنے عیاں ہوگیا ہے۔