حکومت پیٹرولیم مصنوعات میں عوام سے لوٹ مار کا سلسلہ بند کرے،ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی

کہ دنیا بھر میں عالمی منڈی کے مطابق تیل کی قیمتیں مقرر کی جاتی ہیں جس کا فائدہ عوام کو پہنچایا جاتا ہے جبکہ پاکستان میں الٹی گنگا بہتی ہے،صوبائی امیر جماعت اسلامی

جمعہ 16 فروری 2018 22:56

کرا چی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 فروری2018ء) جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے حکومت کی جانب سے پیٹرول پر 35 اور ڈیزل کے فی لیٹر پر 41 روپے ٹیکس لینے کو عوام کے ساتھ سراسر ظلم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوامی اور جمہوریت کے دعویدار حکمران عوام کو ریلیف دینے کے بجائے ایک طرف آف شور کمپنیاں بنا کر عوام کا تیل تو دوسری جانب نجکاری کے نام پر قومی اداروں کو کوڑیوں کے مول بیچ کر تجوریاں بھرنے میں مصروف ہیں اسکے باوجود کہا جارہا ہے کہ مجھے کیوں نکالا ۔

انہوں نے جمعہ کو ایک بیان میں کہا کہ دنیا بھر میں عالمی منڈی کے مطابق تیل کی قیمتیں مقرر کی جاتی ہیں جس کا فائدہ عوام کو پہنچایا جاتا ہے کیونکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ سے ٹرانسپورٹ کے کرایوں سمیت روز مرہ کی اشیائے خور و نوش کی قیمتوں میں بھی بے تحاشہ اضافہ ہوجاتا ہے جس سے براہ راست عام آ دمی ہی متاثر ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

مگر ن لیگ کی حکومت اپنے دعووں اور وعدوں کے بر عکس گذشتہ پانچ سالوں سے مسلسل قیمتوں میں اضافہ کر کے عوام کا تیل نکالنے میں مصروف ہیں۔

ڈیزل کی ایکس رفائنری قیمت 55 روپے ہی صارفین سے 96 روپے فی لیٹر قیمت وصول کی جارہی ہے جبکہ 41 روپے منافع کے ساتھ 74 فیصد ٹیکس اسی طرح پیٹرول کے فی لیٹر پر 35 روپے منافع کے ساتھ 68 فیصد ٹیکس وصول کیا جارہا ہے جو کہ ظلم و نا انصافیوں کے مارے عوام کے ساتھ سراسر ظلم ہے۔ حکومت کی تمام تر نا اہلی و عیاشیوں کا خمیازہ پیٹرول سے لیکر صابن کی ٹکی پر ٹیکس دینے کی شکل میں عوام بھگت رہے ہیں۔ صوبائی امیر نے زور دیا کہ حکومت پیٹرولیم مصنوعات میں عوام سے لوٹ مار کا سلسلہ بند کرے۔ عوام کی حالت زار پر رحم اور عام آدمی کا معیار زندگی بہتر بنانے کیلئے سنجیدہ اقدامات کئے جائیں۔