کورٹ روڈکو’’شاہراہ عاصمہ جہانگیر‘‘کے نام سے اور گورنمنٹ گرلزانٹرسائنس کالج موسیٰ لین کوعاصمہ جہانگیر کے نام سے موسوم کیاجائے،سحرفاؤنڈیشن لیاری فرینڈزلیگل رائٹس فورم

جمعہ 16 فروری 2018 22:45

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 فروری2018ء) سحرفاؤنڈیشن ٹرسٹ اور لیاری فرینڈزآرگنائزیشن کراچی یوتھ اسٹڈی سرکل کے اشتراک سے موسیٰ لین (لیاری )کے کمیونٹی ہال میں ملک کی نامورقانونی وانسانی حقوق کی رہبر عاصمہ جہانگیر کی یادمیں تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے لیگل رائٹس فورم کے سی ای اوملک طاہر اقبال ایڈووکیٹ نے کہاکہ عاصمہ جہانگیر بربریت کے دورمیں انسانی حقوق کی شمع فروزاں تھی اور انسانی حقوق کے رضاکاروں میں فروزاں رہیں گی۔

تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سحر فاؤنڈیشن کے چیئر مین افتخارغزالی نے کہاکہ عاصمہ جہانگیر ایک فردنہیں بلکہ ایک منظم ادارہ تھی ،ان کی للکارسے اشرافیہ لرزہ براندام ہوجاتے تھے ،وہ حقیقی معنو ں میں مظلوموں کے دلوں کی دھڑکن اور ان کا ادارہ سائبان تھا۔

(جاری ہے)

تعزیتی ریفرنس سے کراچی یوتھ اسٹڈی سرکل کراچی ضلع جنوبی کے کنوینرعائلہ ابڑونے کہاکہ عاصمہ جہانگیر نے اپنی پوری زندگی اٴْصولوں پرگزاری بے خوف،نڈر،جرأت، شجاعت کی کوہ ہمالیہ تھی۔

تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے لیاری فرینڈزآگنائزیشن کے رابطہ سیکریٹری افشاں بلوچ نے کہاکہ عاصمہ جہانگیر جابر ،آمروں کے سامنے سرخم تسلیم نہیں کیااور نہ ان کے قدم کبھی ڈگمگائے ،جرأت کا پیکر بن کر وطن عزیز کی مظلوم مجبورومحکوم عوام کوجینے کا قرینہ سکھایا۔تعزیتی ریفرنس میں دوقراردادیں پیش کی گئی جن میں مطالبہ کیاگیاکہ کراچی کی کورٹ روڈکو’’شاہراہ عاصمہ جہانگیر‘‘اور گورنمنٹ گرلز انٹرسائنس اینڈکامرس موسیٰ کوعاصمہ جہانگیر کے نام سے موسوم کیاجائے۔تعزیتی ریفرنس سے عبد الصمد گاڈت،فضل لاسی،مرتضیٰ خاصخیلی ،صبیحہ سومرونے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :