وزیراعلی شہبازشریف نے گورنمنٹ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال سبزہ زار کا افتتاح

کردیا،لاہور میں فری کینسر ہسپتال بنانے کا اعلان 2018 کے الیکشن کے فوراً بعد پہلا فری کینسر ہسپتال بنائیں گے جہاں پر ہر قسم کے کینسر کا مفت علاج ہوگا،شہباز شریف لاہور اور گرد و نواح میں گزشتہ چار سال میں 6 ہسپتال بنانے کی کوئی مثال نہیں ملتی، سبزہ زار، مناواں اور رائے ونڈ کے ہسپتال مکمل ہو کر عوام کی خدمت کر رہے ہیں،امانت، دیانت اور خلوص کے ساتھ عوام کی خدمت کرتے رہیں گے، وزیر اعلی پنجاب کا تقریب سے خطاب

جمعہ 16 فروری 2018 22:44

وزیراعلی شہبازشریف نے گورنمنٹ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال سبزہ زار کا ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 فروری2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ 2018 کے الیکشن کے فوراً بعد پہلا فری کینسر ہسپتال بنائیں گے جہاں پر ہر قسم کے کینسر کا مفت علاج ہوگا،اس ہسپتال کے لئے دنیا بھر کے اعلیٰ ترین کینسر ہسپتالوں میں کام کرنے والے پاکستانی ڈاکٹروں کو وطن واپس آ کر عوام کی خدمت کی دعوت دیں گے اور غیرملکی ہسپتالوں میں خدمات سرانجام دینے والے قابل اور پروفیشنل ڈاکٹروں کو منت کرکے بھی واپس لائیں گے۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے جمعہ کوگورنمنٹ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال سبزہ زار کے افتتاح کے بعد تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 2018 کے انتخابات میں عوام نے ہمیں خدمت کے لئے دوبارہ منتخب کیا تو ستمبر میں کینسر ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھیں گے تاکہ عوام کو کینسر جیسے مرض کے علاج کی بہتر سہولت فراہم کرنے کا وعدہ پورا کرسکیں۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کو علاج کی بہتر سہولت فراہم کرنے کے لئے ہسپتالوں میں خدمت کا کلچر لائیں گے جہاں مریض کے ساتھ بدتمیزی یا تلخ روّیے کی بجائے تحمل اور اخلاص کے ساتھ نرم روی کا سلوک کیا جائے، ہسپتالوں میں ہڑتال یا بدنظمی نظر نہ آئے۔

انہوں نے کہا کہ میو ہسپتال سرجیکل وارڈ سمیت نئے وارڈوں میں طبی آلات، ڈاکٹر، نرس، طبی عملہ اور عمارتیں وغیرہ دیکھ کر یورپ کے ہسپتال کا گمان ہوتا ہے۔ لاہور اور گرد و نواح میں گزشتہ چار سال میں 6 ہسپتال بنانے کی کوئی مثال نہیں ملتی۔ سبزہ زار، مناواں اور رائے ونڈ کے ہسپتال مکمل ہو کر عوام کی خدمت کر رہے ہیں۔ لدھڑ میں زچہ بچہ ہسپتال فنکشنل ہے جبکہ کاہنہ اور دیگر ہسپتال جلد پایہ تکمیل کو پہنچ رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کی خدمت پاکستان مسلم لیگ (ن) کا وژن ہے۔ قائد محمد نواز شریف نے موٹروے بنائی اور دیہات میں پکی سڑکوں کا پراجیکٹ اور وژن دیا۔ اسی وژن کے تحت صوبہ بھر میں ساڑھے چار سال میں 85 ارب روپے کی لاگت سے ہزاروں کلومیٹر طویل سڑکیں دیہات میں بن چکی ہیں، جس کے لئے محکمہ تعمیرات و مواصلات کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا کہ اقبالؒ اور قائدؒ نے ایسے پاکستان کا خواب دیکھا جہاں محروم معیشت عوام کو تعلیم، صحت اور دیگر سہولتوں کے مساوی مواقع حاصل ہوں، مساوات اور برابری کا یہی کلچر ہمارا بھی خواب ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے لئے لاہور سمیت پورے پنجاب میں جگہ جگہ جمنیزیم بن رہے ہیں جہاں سوئمنگ سمیت تمام تر اعلیٰ سپورٹس سہولتیں میسر ہوں گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمارا مشن خدمت خلق اور خدمت انسانیت ہے۔ امانت، دیانت اور خلوص کے ساتھ عوام کی خدمت کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔اس موقع پر رکن قومی اسمبلی مہراشتیاق احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سبزہ زار کو صحیح معنوں میں گل و گلزار بنانے پر خادم اعلی کے مشکورہیں۔

صوبائی وزیرخواجہ عمران نذیر نے خطاب میں کہا کہ محمد شہبازشریف پاکستان کا مستقبل ہیںانہوںنے جو وعدہ کیا پوراکیا۔رکن صوبائی اسمبلی میاں مرغوب احمد نے کہا کہ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے عوامی مسائل کے حل اورتکالیف کے ازالے کیلئے دن رات محنت کی ۔انہوں نے سبزہ زار کے علاقے میں سپورٹ سٹیڈیم ،کامرس کالج ،لیاقت روڈ سے بابو صابو تک سڑک تعمیر کر اکے لوگوں کے دل جیت لئے،انڈس ریجنل بورڈ کے سی ای او ڈاکٹر عبدالباری خان نے اپنے خطاب میں بتایا کہ انڈس کے زیر اہتمام لاہور میں چار ہسپتال چل رہے ہیں اورپانچواں جلد شروع ہوجائے گا۔

شہبازشریف کے ویژن کے مطابق عوام کو صحت کی بہترین سہولتوں کی فراہمی کیلئے بھر پور کاوشیں کریں گے۔تقریب میں صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق،سید زعیم حسین قادری،لارڈ میئر لاہورکرنل (ر) مبشر جاویداورمقامی رہنماء اورکارکن شریک تھے ۔