صدر مملکت نے ایوان صدر میں صنوبر کا پودا لگا کر موسم بہار کی شجر کاری مہم کا افتتاح کردیا

ماحولیات کے تحفظ اور معیشت کے استحکام کیلئے جنگلات میں اضافہ ضروری ہے،اس سلسلے میں وزارت موسمیاتی تبدیلی جہاد کر رہی ہے، اس کے تحت گرین پاکستان مہم موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے میں مدد گار ہوگی صدر مملکت ممنون حسین کا تقریب سے خطاب

جمعہ 16 فروری 2018 22:20

صدر مملکت نے ایوان صدر میں صنوبر کا پودا لگا کر موسم بہار کی شجر کاری ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 فروری2018ء) صدر مملکت ممنون حسین نے ایوان صدر میں صنوبر کا پودا لگا کر موسم بہار کی شجر کاری مہم کا افتتاح کردیا ہے۔اس موقع پر ایک خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ماحولیات کے تحفظ اور معیشت کے استحکام کے لیے جنگلات میں اضافہ اور ان کا تحفظ ضروری ہے۔اس سلسلے میں وفاقی وزیر مشاہد اللہ خان کی قیادت میں وزارت موسمیاتی تبدیلی جہاد کر رہی ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ وزارت موسمیاتی تبدیلی کے تحت گرین پاکستان مہم موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے میں مدد گار ہوگی۔اس مقصد کے لیے ملک میں زیادہ سے زیادہ درخت لگائے جائیں اور قومی اثاثے کی حیثیت سے جنگلات کی حفاظت کی جائے۔صدر مملکت نے کہا کہ حکومت نے جنگلات میں اضافے کے لیے بھرہور اقدامات کیے ہیں لیکن یہ ایک مسلسل عمل ہے جس میں حکومت کے علاوہ معاشرے کے دیگر طبقات کو بھی خوش دلی سے شریک ہونا چاہیے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ نئی نسل میں بچپن سے ہی دختوں سے محبت کا شعور پیدا کرنے کی ضرورت ہے ، بہتر ہو گا کہ تعلیمی نصاب میں مناسب تبدیلیاں کی جائیں۔انھوں نے وفاقی وزیر ماحولیاتی تبدیلی کو ہدایت کی کہ وہ ا س سلسلے میں قابل عمل تجاویز تیار کریں۔صدر ممنون حسین نے کہا کہ پاکستان جنگلات میں اضافے کے لیے عالمی برادری کے شانہ بشانہ ہے۔ انھوں نے ہدایت کی کہ سڑکوں، زرعی زمینوں اور ریلوے لائینوں کے قریب خصوصی مہمات چلائی جائیں۔

صدر مملکت نے اس موقع پر ماحولیات کے تحفظ کے سلسلے میں مشاہد اللہ خان اور ان کی وزارت کی خدمات کی تعریف بھی کی۔وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی مشاہد اللہ خان نے اس موقع پر کہا کہ جنگلات میں اضافے کے لیے گرین پاکستان منصوبہ پر عمل درآمد جاری ہے جس کے تحت ملک بھر میں بڑی تعداد میں شجر کاری جاری ہے۔ وفاقی وزیر برائے ماحولیات نے اس موقع پر صدر ممنون حسین کو پاکستان کی پہلی جنگلی حیات کی پالیسی کی تشکیل کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔اس موقع پر خاتون اول بیگم محمودہ ممنون نے بھی ایوان صدر کے لان میں صنوبر کا پودا لگایا۔