بلوچستان کے مفادات کے خلاف کوئی منصوبہ قبول نہیں ،میر عبدالقدوس بزنجو

صوبے کے وسائل پر سب سے پہلا بلوچستان کے عوام کا حق ہے،وزیراعلی بلوچستان

جمعہ 16 فروری 2018 22:12

بلوچستان کے مفادات کے خلاف کوئی منصوبہ قبول نہیں ،میر عبدالقدوس بزنجو
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 فروری2018ء) وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ بلوچستان کے مفادات کے خلاف کوئی منصوبہ قبول نہیں ۔ صوبے کے وسائل پر سب سے پہلا بلوچستان کے عوام کا حق ہے۔ آئین وقانون کے میں رہتے ہوئے بلوچستان کے حقوق کا بھرپور دفاع کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جس نے پی پی ایل کے ایم ڈی سید وامق بخاری کی قیادت میں ملاقات کی۔

صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی چیف سیکریٹری بلوچستان اورنگ زیب حق، سیکریٹری خزانہ اور سیکریٹری توانائی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان معدنی وسائل سے مالامال صوبہ ہے لیکن ترقی کے اعتبار سے دوسرے صوبوں سے پیچھے ہے جس کی بنیادی وجہ وسائل کو صحیح معنوں میں استعمال میں نہ لانا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کے معدنی وسائل کو صحیح معنوں میں استعمال میں لاکر غربت کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے اور ان وسائل سے نہ صرف بلوچستان بلکہ پورا ملک ترقی کرے گا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کے مفادات ہمیں سب سے زیادہ عزیز ہیں ان کے تحفظ کے لئے ہر فورم پر آواز اٹھائیںگے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے کے مختلف حصوں میں کام کرنے والی کمپنیوں کو درپیش مشکلات کو دور کرنے کے لئے حکومت سنجیدہ اقدامات اٹھارہی ہے تاکہ وہ بغیر کسی رکاوٹ اور تعطل سے اپنا کام جاری رکھ سکیں اور کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونے دی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :