کراچی ،صدر میں پولیس کی بڑھتی ہوئی کرپشن اور غنڈہ گردی کے خلاف تاجر مشتعل

ریگل چوک ایریاکی سڑکوں کو بندکرنے کی کوشش ،صدر کیڈا کی جانب سے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کے بعد احتجاج موخرکردیا

جمعہ 16 فروری 2018 21:54

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 فروری2018ء) کراچی کے علاقے صدر میں پولیس کی بڑھتی ہوئی کرپشن اور غنڈہ گردی کے خلاف مشتعل تاجروں نے ریگل چوک کی سڑکوں کو بندکرنے کی کوشش کی تاہم کراچی الیکٹرونکس ایسوسی ایشن کے صدر کی جانب سے بات چیت کے زریعے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کے بعد احتجاج ختم کردیاگیا ۔تفصیلات کے مطابق جمعہ کوصدر میں ٹریفک پولیس پریڈی سیکشن کے اہلکار وں نے بھتہ نہ دینے پر ریگل ایریا میں پارک تاجروں اور ٹرانسپورٹرز کی گاڑیوں کی ہوا نکال دی ،جس پر علاقہ کے تاجروں اور ٹرانسپورٹرز میں سخت اشتعال پھیل گیا اور وہ سڑکوں پر نکل آئے۔

واقعہ کی اطلاع ملنے پر کیڈا کے صدر محمدرضوان نے مشتعل تاجروں کے ایک وفد کو اپنے دفتر میں طلب کرلیا،جہاں ٹرانسپورٹرز نے بتایا کہ ٹریفک پولیس سیکشن کے اہلکار ریگل چوک پر گاڑیاں پارک کرنے کے عوض 6 ہزار روپے ماہانہ بھتہ طلب کرتے ہیں ،جس کی عدم ادائیگی پر گاڑیوں کو نقصان پہنچایا جاتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ سڑک کی دوسری جانب پارکنگ مافیا کی خلاف ضابطہ کھڑی گاڑیوں کے خلاف پولیس کوئی ایکشن نہیں لیتی جبکہ بھتہ نہ دینے والوں کا روزگار متاثر کیا جارہا ہے ۔

مشتعل تاجروں اور ٹرانسپورٹرزنے اصرارکیا کہ احتجاجاً ریگل چوک ایریا کی سڑکوں کو بند کردیا جائے لیکن ایسوسی ایشن کے صدر محمدرضوان کی جانب سے مسائل افسران بالا کے ذریعہ حل کرانے کی یقین دہانی پر تاجروں نے احتجاج ختم کردیا۔

متعلقہ عنوان :