انفارمیشن ٹیکنالوجی سے متعلق’’ اسٹارٹ اپس‘‘ کی دوروزہ نمائش کراچی ایکسپوسینٹر میں 19 فروری 2018 کو منعقد ہوگی

جمعہ 16 فروری 2018 21:18

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 فروری2018ء) انفارمیشن ٹیکنالوجی سے متعلق’’ اسٹارٹ اپس‘‘ کی دوروزہ نمائش کراچی ایکسپوسینٹر میں 19 فروری 2018 کو منعقد ہوگی جس کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ توقع ہے کہ 19اور20فروری کومنعقد ہونے والی نمائش میں300کے بگ بھگ‘ اسٹارٹ اپس‘ شرکت کریں گے جبکہ50سے زائد پروفیشنلز اور بڑے تاجر متعلقہ سیمینارز اور ورکشاپس میں آئی ٹی کی نئی کمپنیوں کی رہنمائی کریں گے۔

ماہرین کاکہناہے کہ اسٹارٹ اپس کی بڑی تعداد میں شرکت سے پاکستان انفارمیشن ٹیکنالوجی(آئی ٹی) برآمدات کوزبردست فروغ حاصل ہوگا اور ہزاورں پڑھے لکھے نوجوانوں کو پرکشش روزگار کے مواقع حاصل ہوں گے۔ مالی سال2016-17کے دوران پاکستان کی آئی ٹی برآمدات3ارب30کروڑ ڈالر تھیں جوتیزی سے بڑھ کے 5ارب ڈالر ہوگئی ہیں اور اس امرکا قوی امکان ہے کہ آئندہ ایک سال میں آئی ٹی برآمدات6ارب ڈالر سے تجاوز کرجائیں گی۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا کہ اسٹارٹ اپس شرکا20سے زائد ملکی وغیر ملکی سرمایہ کاروں کواپنی کاروباری تجاویز اور لائحہ عمل سے آگاہ کریں گے تاکہ مطلوبہ سرمایہ حاصل کرکے اپنے کاروبار کو وسعت دے سکیں۔ ماہرین نے اس یقین کااظہار کیاہے کہ باصلاحیت اور پیشہ ور اسٹارٹ اپس کے میدان میں آنے سے پاکستان کی آئی ٹی برآمدات میں تیزی آجائے گی۔ ماہرین کاکہناہے کہ گزشتہ چند برسوں میں پاکستان کی آئی ٹی انڈسٹری نے مخلتف کیٹگریز میں برق رفتار ی سے ترقی کی ہے جس کے تحت انٹرپرائز سافٹ ویئر میں17فیصد‘ مارکیٹنگ ٹیکس میں 15فیصد‘ فنانشیل سروسز13فیصد‘ کنزیومرمصنوعات9فیصد‘ ریٹیل ای کامرس8 فیصد‘ پروفیشنل سروسز 8فیصد‘ انٹر نیٹ سے متعلق اشیا ہاروڈ ویئر میں7 فیصد‘ ہیلتھ کیئر4فیصد‘ میڈیا4فیصد اور نان پرافٹ میں3فیصد افزائش حاصل ہوئی ہے۔

اس ضمن میں ’’ مومنٹم‘‘ کے بانی رکن آصف جعفری کاکہناہے کہ عام تاثر یہ ہے کہ اسٹارٹ اپس کراچی‘ لاہو ر اور اسلام آباد میں ابھر رہے ہیں جبکہ حقیقت یہ ہے کہ کراچی ایکسپوسینٹر میں19فروری سے شروع ہونے والی نمائش میں پاکستان کے 19چھوٹے شہروں کے اسٹارٹ اپس بھی شرکت کررہے ہیں۔ آئی ٹی کی تیزی سے بڑھتی ہوئی برآمدات کے تناظر میں وفاقی حکومت نے بھی آئی ٹی انڈسٹری کی سرپرستی شروع کردی ہے اوراسٹارٹ اپس کے لئے ٹیکسوں میں3سال کی چھوٹ دے دی ہے۔

متعلقہ عنوان :