پاکستان اور کینیڈا باہمی تجارت میں اضافے کی کوششیں جاری ہیں، وفاقی وزیرتجارت محمد پرویز ملک

پاکستانی تاجر ویزاملنے سے ہی کینیڈا کا دورہ کرسکتے ہیں، ٹورنٹو میں وزیر تجارت کی تاجروں سے گفتگو

جمعہ 16 فروری 2018 21:53

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 فروری2018ء) وفاقی وزیرتجارت محمد پرویز ملک نے کہا ہے کہ پاکستان اور کینیڈا کے مابین باہمی تجارت میں پاکستان کا حصہ بڑھانے کی کوشش کی جا رہی ہے جبکہ پاکستانی بزنس مینوں کو کینیڈا کے ویزوں کے حصول میں مشکلات کی شکایات سے وہ کینیڈا حکومت کو آگاہ کریں گے کیونکہ ویزوں کے حصول میں آسانی سے ہی دونوں ممالک بزنس مین ایک دوسرے کے ملکوں کا دورہ کریں گے جس سے دوطرفہ تجارت بڑھ سکتی ہے۔

یونائیٹڈ بزنس گروپ سے جمعہ کو یہاں جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق انہوں نے یہ بات کینیڈا کے دورے میں ٹورنٹو میں پاکستانی قونصل جنرل عمران احمدصدیقی کی رہائشگاہ پر تقریب میں یونائٹیڈ بزنس گروپ کے سرپرست اعلیٰ، ایف پی سی سی آئی کے سابق صدر اور ٹڈاپ کے سابق سی ای اوایس ایم منیر سے گفتگو میں کہی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیرتجارت پرویز ملک کی اہلیہ،رکن قومی اسمبلی شائستہ پرویز ملک، یو بی جی کینیڈا کے چیئرمین نوید بخاریِ،سمیرڈوسل،نوراحمدخان اور دیگر بھی موجود تھے۔

وفاقی وزیرتجارت پرویز ملک نے بتایا کہ ان کا دورہ کینڈا کامیاب رہا ہے اور اوٹاوا میں کینیڈین وزیر زراعت و خوراک لاورینس میکاؤلے سے ان کی ملاقات مفید ثابت ہوئی،ہم نے کینیڈا کوپاکستان میں زرعی شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے، پاکستان کی کینیڈا سے زرعی درآمدات 60 کروڑ کینیڈین ڈالر ہیں، زرعی شعبے میں کینیڈین براہ راست سرمایہ کاری کے لیے امید افزا منڈی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ دونوں ملکوں کو زرعی شعبے میں تحقیق، ترقی اور جدت کے شعبوں میں مہارت کا تبادلہ کرنا چاہیے۔

یو بی جی کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر نے کہا ہے کہ کینیڈا اور پاکستان کے درمیان تجارت بڑھانے کیلئے نجی شعبہ اہم کردار ادا کررہا ہے جبکہ کینیڈا بالخصوص ٹورنٹو میں تعینات پاکستانی سفارتی عملہ باہمی تجارت کو فروغ دینے کیلئے انتھک محنت کر رہا ہے،تجارت میں اضافہ دوطرفہ تجارتی وفود کے تبادلوں سے بھی ممکن ہے جبکہ دونوں ممالک کے تاجر ایک دوسرے کے ممالک میں ضرورت کی اشیاء کی فہرستوں کا جائزہ لیں۔

انہوں نے کہا کہ کینیڈا کیلئے پاکستانی بزنس مینوں کو ویزوں کے حصول میں شدید مشکلات کا سامنا ہے اور ویزے نہ ملنے سے گزشتہ سال کینیڈا میں پاکستان کی سنگل کنٹری نمائش ملتوی کرنی پڑی،افسوس تو یہ ہے کہ اس وقت ایف پی سی سی آئی کے صدر زبیرطفیل کو بھی ویزا نہیں دیا گیا جو کہ دنیا بھر کا دورہ کرتے ہیں اور پاکستان کے بڑے بزنس مین ہیں،اگر کینیڈا حکومت پاکستانی بزنس مینوں کو ویزے فراہم کرے تو پاکستان وکینیڈا باہمی تجارت بڑھ سکتی ہے اور سلسلے میں ہمارے حکومت کو کینیڈین حکومت سے بات کرنی چاہیئے۔

ایس ایم منیر نے وزیر تجارت پرویز ملک سے نوید بخاری کا تعارف کراتے ہوئے بتایا کہ وہ یو بی جی کینیڈا کے چیئرمین ہیں تو پرویز ملک نے خوشگوار حیرت کا اظہار کیا اور کہا کہ یو بی جی انٹرنیشنل تنظیم بن گئی ہے جبکہ رکن قومی اسمبلی شائستہ ملک نے کہا کہ وہ خود بھی یو بی جی کی ممبر ہیں۔ایس ایم منیر نے کہا کہ اب پاکستانی برآمدات میں بہتری آرہی ہے اور اگر ایکسپورٹرز کو ایف بی آرسیلزٹیکس ریفنڈز اور ری بیٹ ادا کردے تو ایکسپورٹ میں مزید اضافہ ممکن ہے۔

نوید بخاری نے اس موقع پر کہا کہ ایس ایم منیر نے پاکستان اور کینیڈا کی بزنس کمیونٹی کوقریب لانے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے جبکہ ایف پی سی سی آئی انتخابات میں ایس ایم منیر اور افتخار علی ملک کی قیادت میں یونائٹیڈ بزنس گروپ کی مسلسل4 سال بے مثال کامیابیوں سے مخالفین کو یہ یقین ہوگیا ہے کہ بزنس کمیونٹی کانمائندہ گروپ صرف بزنس مین گروپ ہے۔

متعلقہ عنوان :