صدر مملکت ممنون حسین نے صنوبر کا پودا لگا کر موسم بہار کی شجر کاری مہم کا افتتاح کردیا

خاتون اول بیگم محمودہ ممنون نے بھی ایوان صدر کے لان میں صنوبر کا پودا لگایا وفاقی وزیر برائے ماحولیات نے صدر کو پاکستان کی پہلی جنگلی حیات کی پالیسی کی تشکیل کے بارے آگاہ کیا ماحولیات کے تحفظ ، معیشت کے استحکام کیلئے جنگلات میں اضافہ ، ان کا تحفظ ضروری ہے،نئی نسل میں بچپن سے ہی درختوں سے محبت کا شعور پیدا کرنے کی ضرورت ہے، ممنون حسین جنگلات میں اضافے کیلئے گرین پاکستان منصوبہ پر عمل درآمد جاری ہے جس کے تحت ملک بھر میں بڑی تعداد میں شجر کاری جاری ہے، مشاہد اللہ خان

جمعہ 16 فروری 2018 20:23

صدر مملکت ممنون حسین نے صنوبر کا پودا لگا کر موسم بہار کی شجر کاری مہم ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 فروری2018ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ ماحولیات کے تحفظ اور معیشت کے استحکام کیلئے جنگلات میں اضافہ اور ان کا تحفظ ضروری ہے، گرین پاکستان مہم موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے میں مدد گار ہوگی ،مقصد کیلئے ملک میں زیادہ سے زیادہ درخت لگائے جائیں ،نئی نسل میں بچپن سے ہی درختوں سے محبت کا شعور پیدا کرنے کی ضرورت ہے ، بہتر ہو گا تعلیمی نصاب میں مناسب تبدیلیاں کی جائیں۔

جمعہ کو صدر مملکت ممنون حسین نے ایوان صدر میں صنوبر کا پودا لگا کر موسم بہار کی شجر کاری مہم کا افتتاح کردیا۔موقع پر ایک منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ماحولیات کے تحفظ اور معیشت کے استحکام کیلئے جنگلات میں اضافہ اور ان کا تحفظ ضروری ہے۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں وفاقی وزیر مشاہد اللہ خان کی قیادت میں وزارت موسمیاتی تبدیلی جہاد کر رہی ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ وزارت موسمیاتی تبدیلی کے تحت گرین پاکستان مہم موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے میں مدد گار ہوگی۔اس مقصد کیلئے ملک میں زیادہ سے زیادہ درخت لگائے جائیں اور قومی اثاثے کی حیثیت سے جنگلات کی حفاظت کی جائے۔صدر مملکت نے کہا کہ حکومت نے جنگلات میں اضافے کیلئے بھرہور اقدامات کیے ہیں لیکن یہ ایک مسلسل عمل ہے جس میں حکومت کے علاوہ معاشرے کے دیگر طبقات کو بھی خوش دلی سے شریک ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ نئی نسل میں بچپن سے ہی درختوں سے محبت کا شعور پیدا کرنے کی ضرورت ہے ، بہتر ہو گا کہ تعلیمی نصاب میں مناسب تبدیلیاں کی جائیں۔انہوں نے وفاقی وزیر ماحولیاتی تبدیلی کو ہدایت کی کہ وہ ا س سلسلے میں قابل عمل تجاویز تیار کریں۔صدر ممنون حسین نے کہا کہ پاکستان جنگلات میں اضافے کیلئے عالمی برادری کے شانہ بشانہ ہے۔ انھوں نے ہدایت کی کہ سڑکوں، زرعی زمینوں اور ریلوے لائنوں کے قریب خصوصی مہمات چلائی جائیں۔

صدر مملکت نے اس موقع پر ماحولیات کے تحفظ کے سلسلے میں مشاہد اللہ خان اور ان کی وزارت کی خدمات کی تعریف بھی کی۔وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی مشاہد اللہ خان نے اس موقع پر کہا کہ جنگلات میں اضافے کیلئے گرین پاکستان منصوبہ پر عمل درآمد جاری ہے جس کے تحت ملک بھر میں بڑی تعداد میں شجر کاری جاری ہے۔ وفاقی وزیر برائے ماحولیات نے اس موقع پر صدر ممنون حسین کو پاکستان کی پہلی جنگلی حیات کی پالیسی کی تشکیل کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔اس موقع پر خاتون اول بیگم محمودہ ممنون نے بھی ایوان صدر کے لان میں صنوبر کا پودا لگایا۔