سہ ملکی سیریز، گپٹل کی 105 اور منرو کی 76 رنز کی طوفانی اننگز رائیگاں

آسٹریلیا نے ٹی ٹونٹی میچ میں بڑا ہدف حاصل کر کے نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا، کینگروز نے کیویز کو 5 وکٹوں سے شکست دی، فاتح ٹیم نے 244 رنز کا ہدف 19ویں اوور کی پانچویں گیند پر 5 وکٹوں پر پورا کیا ڈی آرسی شارٹ نے 76 اور وارنر نے 59 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو تاریخی فتح دلائی، آرسی شارٹ میچ کے بہترین کھلاڑی قرار

جمعہ 16 فروری 2018 20:11

سہ ملکی سیریز، گپٹل کی 105 اور منرو کی 76 رنز کی طوفانی اننگز رائیگاں
آکلینڈ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 فروری2018ء) سہ ملکی ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ سیریز میں ڈی آرسی شارٹ اور ڈیوڈ وارنر کی نصف سنچریاں، مارٹن گپٹل کی سنچری پر بھاری پڑ گئیں، آسٹریلیا نے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں بڑا ہدف حاصل کر کے نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا، کینگروز نے کیویز کو 5 وکٹوں سے شکست دی، آسٹریلوی ٹیم نے 244 رنز کا ہدف 19ویں اوور کی پانچویں گیند پر 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا، ڈی آرسی شارٹ اور ڈیوڈ وارنر نے 121 رنز کا جاندار آغاز فراہم کر کے ٹیم کی جیت کی بنیاد رکھی، آرسی شارٹ 76 اور وارنر 59 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے تو ایرون فنچ نے 14 گیندوں پر 3 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 36 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر کیویز کی جیت کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔

ڈی آرسی شارٹ میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

(جاری ہے)

جمعہ کو آکلینڈمیں سہ ملکی سیریز کے سلسلے میں کھیلے گئے پانچویں میچ میں نیوزی لینڈ ٹیم کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو میزبان ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 243 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، گپٹل اور منرو نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے کینگروز بائولرز کی خوب دھنائی کی اور ٹیم کو 132 رنز کا جاندار ا?غاز فراہم کیا، یہاں پر اینڈریو ٹائی نے منرو کو آئوٹ کر کے اہم پارٹنرشپ توڑ دی، منرو نے 6 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 76 رنز کی اننگز کھیلی، سیفرٹ 12 رنز بنا سکے، 212 کے سکور پر نیوزی لینڈ کی تیسری وکٹ گری جب گپٹل جو کہ جارحانہ بیٹنگ کر رہے تھے 105 رنز بنانے کے بعد ٹائی کی گیند کا نشانہ بنے، گپٹل نے 54 گیندوں پر 9 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 105 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، چپمین 16 کولن ڈی گرینڈ ہوم 3 اور کپتان ولیمسن ایک رن بنا کر آئوٹ ہوئے، روز ٹیلر 17 اور ویلر ایک رن بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، رچرڈسن اور ٹائی نے 2، 2 سٹین لیک اور ایگر نے ایک، ایک وکٹ لی۔

جواب میں آسٹریلوی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 18.5 اوورز میں 5 وکٹوں پر حاصل کیا، وارنر اور ڈی آرسی شارٹ نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 121 رنز کا جاندار آغازفراہم کر کے اس کی جیت کی بنیاد رکھی، اسی دوران دونوں نے اپنی اپنی نصف سنچریاں بھی مکمل کیں، یہاں پر سودھی نے وارنر کو آئوٹ کر کے اہم پارٹنرشپ توڑ دی، وارنر 59 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، کرس لین 18 رنز بنا کر گرینڈہوم کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے، اس موقع پر ڈی آرسی شارٹ نے میکسویل کے ساتھ مل کر سکور 199 تک پہنچا کر اسے فتح کے قریب پہنچا دیا، میکسویل 31 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، 217 کے سکور پر بوٹ نے آرسی شارٹ کو آئوٹ کر کے ٹیم کو بڑی کامیابی دلائی، شارٹ 76 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، سٹوئنس 4 رنز بنا کر چلتے بنے، اس کے بعد ایرون فنچ نے 14 گیندوں پر 3 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 36 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلائی۔

متعلقہ عنوان :