کرپشن اور دہشت گردی صرف کراچی یا صوبے کا ایشونہیں پورے ملک کا سنگین ترین مسئلہ ہے ، خالد حمید

سندھ کے شہری اور دیہی علاقوں سمیت تمام ملک میں بلاتفریق اور بلاامتیاز آپریشن کو جاری رکھنا ہوگا، ملکی مفادات کی روشنی میں تلخ اور بڑے فیصلے کرنا ہونگے، وفد سے گفتگو

جمعہ 16 فروری 2018 20:06

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 فروری2018ء) مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان)کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات خالد حمید نے کہا کہ کرپشن اور دہشت گردی صرف کراچی یا صوبے کا ایشونہیں بلکہ پورے ملک کا سنگین ترین مسئلہ ہے ،سندھ کے شہری اور دیہی علاقوں سمیت تمام ملک میں بلاتفریق اور بلاامتیاز آپریشن کو جاری رکھنا ہوگا، ملکی مفادات کی روشنی میں تلخ اور بڑے فیصلے کرنا ہونگے۔

چیئرمین آفاق احمد کی رہائش گاہ پر اسٹیل ٹائون سے آنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مہاجر اور سندھی صوبے کی دو بڑی لسانی اکائیاں ہیں اور اداروں کو دونوں کے ساتھ مساویانہ سلوک کرنا چاہئے ۔خالد حمید نے کہا کہ گذشتہ پچیس برسوں میں کراچی میں آگ و خون کا کھیل کھیلا اور وسائل کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا گیا لیکن یہی سب سندھ کے دیہی علاقوں میں بھی ہوا اس لئے صرف کراچی میں آپریشن جاری رہنا درست نہیں ہے،بدعنوان عناصر اور دہشت گرد وں کو کراچی اور لاڑکانہ کی تخصیص کئے بغیر ختم کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

خالد حمید نے کہا کہ کراچی میں پولیس اور رینجرز کی جانب سے کراچی میںہزاروں کی تعداد میںملزمان کی گرفتاری کا دعوہ سر آنکھوں پر لیکن سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا سارے مجرم کراچی میں اور اندرون سندھ صرف فرشتے بستے ہیں جو انہیں کلین چٹ ملی ہوئی ہی!! سیکورٹی اداروں کی ذمہ داری بنتی ہے کہ آپریشن کو غیر جانبدار اور شفاف بنایا جائے،تاکہ کسی فرد کو انگلی اٹھانے کا موقع نہ مل سکے، اداروں کو اگر اپنی ساکھ بہتر بنانی ہے تو انہیں کراچی والوں کے تحفظات دور کرنے ہونگے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آپریشن ہونا چاہئے اور ضرور ہونا چاہئے لیکن اس میں گناہ گار و اور بے گناہ کے درمیان فرق رکھا جائے کیونکہ ایسانہ کرنے کی صورت میں مسائل بڑھیں گے اور وقت کے ساتھ انکا حل مشکل سے مشکل تر ہوتا جائے گا۔#

متعلقہ عنوان :