دہشت گردی کیخلاف آپریشنز کر لئے گئے، اب ٹرانسپورٹ مافیا ،مہنگائی مافیا ،قبضہ مافیا اورملاوٹ مافیا کے خلاف بھی آپریشن کئے جائیں ،صدر پاسبان کراچی

جمعہ 16 فروری 2018 20:02

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 فروری2018ء) پاسبان کراچی کے صدر عبدالحاکم قائداور جنرل سیکریٹری سردار ذوالفقار نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف آپریشنز کر لئے گئے، اب ٹرانسپورٹ مافیا ،مہنگائی مافیا ،قبضہ مافیا اورملاوٹ مافیا کے خلاف بھی آپریشن کئے جائیں ۔پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافہ کرنے والے ٹرانسپورٹرز گرفتار کئے جائیں، اشیاء خورد نوش سمیت چھالیہ ،دودھ،پٹرول ،ڈٰزل ،سی این جی اور بچوں کی اشیاء،بسکٹ و ٹافیاں وغیرہ کی قیمتوں کو مہنگائی کی آگ لگ گئی ۔

حکومت چشم پوشی اختیار کررہی ہے ، مہنگائی کی آگ بجھانے والا کوئی نہیں ۔عوام کو مہنگائی سے نجات دلائی جائے ۔مسافروں کو پبلک ٹرانسپورٹ میں توہین اور تذلیل کا شکار ہونے سے بچایا جائے ۔

(جاری ہے)

من مانے کرائے بڑھائے گئے ہیں ۔کرایوں میں کمی کے 2015اور 2016کے حکومتی جاری کردہ نوٹیفکیشن پر عمل درآمد نہیں کیا گیا ۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر ٹرانسپورٹرز نے کرائے اور مہنگائی مافیا نے ازخوداشیاء کی قیمتیں بڑھادیں ہیں ۔

ٹرانسپورٹرز، گیس پر چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا ناجائز فائدہ اٹھا رہے ہیں ۔حکمران ،ٹرانسپورٹرز ،قبضہ مافیا سمیت سب ملکر عوام ہی کو لوٹ رہے ہیں ۔عوام اپنے حقوق کو پہچانیں اور اپنے حقوق کیلئے نکلیں ،پاسبان مظلوم عوام کے ساتھ ہے ۔ تمام سیاسی جماعتوں نے عوام کو لاوارث چھوڑ دیا ہے پاسبان مظلوم عوام کی پاسبانی کررہی ہے۔

ڈبل سواری کی پابندی کا خاتمہ بھی پاسبان ہی نے کرایا تھا۔ اب مافیائوں سے چھٹکارہ بھی پاسبان ہی عوام کو دلائے گی ۔ پاسبان پریس انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں پاسبان رہنمائوں نے کہا کہ پاسبان مایوس عوام کیلئے امید کی آخری کرن ہے ،پاسبان کراچی کے مظلوموں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کررہی ہے اور عوام کے درمیان سے ہی عوام کے ہمدردوں کو اقتدار کے ایوانوں تک پہنچانے کی جدوجہد کررہی ہے تاکہ مظلوم عوام کو ان کا حق دلایا جاسکے اور مافیائوں سے نجات دلائی جاسکے #

متعلقہ عنوان :