مارٹن گپٹل ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں 2 سنچریاں بنانے والے نیوزی لینڈ کے تیسرے اور دنیا کے ساتویں بلے باز بن گئے

میک کولم کی تیز ترین سنچری اور زیادہ چھکوں کا ریکارڈ بھی توڑ ڈالا

جمعہ 16 فروری 2018 20:00

مارٹن گپٹل ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں 2 سنچریاں بنانے والے نیوزی لینڈ ..
آکلینڈ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 فروری2018ء) مارٹن گپٹل ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں دو سنچریاں بنانے والے نیوزی لینڈ کے تیسرے اور دنیا کے ساتویں بلے باز بن گئے، کیوی اوپنر نے برینڈن میک کولم کی تیز ترین سنچری کا ریکارڈ بھی توڑ دیا، اس کے علاوہ زیادہ چھکے لگانے والے دنیا کے دوسرے بلے باز ہونے کا اعزاز بھی حاصل کر لیا۔

(جاری ہے)

جمعہ کو سہ ملکی سیریز میں کھیلے گئے میچ میں گپٹل نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے کینگروز بائولرز کا بھرکس نکال دیا، انہوں نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنچری سکور کی، یہ ان کی کیریئر کی دوسری سنچری ہے، گپٹل نے 49 گیندوں پر سنچری بنا کر ملک کی طرف سے تیز ترین سنچری کا برینڈن میک کولم کا ریکارڈ توڑ دیا، میک کولم نے 50 گیندوں پر سنچری سکور کی تھی، گپٹل سے قبل کولن منرو، برینڈن میک کولم، روہت شرما، کرس گیل، ایون لیوس اور گلین میکسویل کو بھی ٹی ٹونٹی کرکٹ میں دو یا زائد سنچریاں بنانے کا اعزاز حاصل ہے، گپٹل نے اننگز میں 9 چھکے لگا کر سابق ہم وطن کھلاڑی میک کولم کے زیادہ چھکوں کا ریکارڈ بھی توڑ دیا اور اسطرح وہ زیادہ چھکے لگانے والے بلے بازوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آگئے، میک کولم نے 91 جبکہ گپٹل نے 98 چھکے لگا رکھے ہیں، کرس گیل 103 چھکوں کے ساتھ سرفہرست ہیں۔