Live Updates

نواز شریف عمران خان کے مقابلے میں زیادہ خطرناک ہیں ،ْعائشہ گلالئی

اداروں کے خلاف بولنے کے لئے حکمراں جماعت نے سینیٹ کے ٹکٹ کی پیشکش کی تھی جسے مسترد کردیا ہے ،ْرکن قومی اسمبلی کا الزام میرے نزدیک اداروں کے خلاف بات کرنا بغاوت کے زمرے میں آتا ہے اور وقت آنے پر ٹکٹ دینے والے کا نام بھی بتا دوں گی ،ْمیڈیا سے گفتگو جن ہاتھوں میں عمران خان اور طاہرالقادری کھیلتے ہیں، عائشہ گلالئی بھی انہی ہاتھوں میں کھیل رہی ہے ،ْمشاہد اللہ خان پانامہ فیصلہ آنے کے بعد حکمراں جماعت نے عائشہ گلالئی کو استعمال کیا ،ْ (ن)لیگ نے بندوق اپنے پائوں پر چلا دی ہے ،ْ فواد چوہدری

جمعہ 16 فروری 2018 19:41

نواز شریف عمران خان کے مقابلے میں زیادہ خطرناک ہیں ،ْعائشہ گلالئی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 فروری2018ء) پاکستان تحریک انصاف کی منحرف رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی نے کہاہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف عمران خان کے مقابلے میں زیادہ خطرناک ہیں۔ جمعہ کو پریس کانفرنس کے دوران عائشہ گلالئی نے مسلم لیگ (ن) پر سنگین الزامات لگاتے ہوئے کہا کہ اداروں کے خلاف بولنے کے لئے حکمراں جماعت نے سینیٹ کے ٹکٹ کی پیشکش کی تھی جسے انہوں نے مسترد کردیا۔

عائشہ گلالئی نے کہا کہ میرے نزدیک اداروں کے خلاف بات کرنا بغاوت کے زمرے میں آتا ہے اور وقت آنے پر ٹکٹ دینے والے کا نام بھی بتا دوں گی۔انہوںنے کہاکہ عمران خان اپنے پاؤں پر کلہاڑی مارتے ہیں لیکن نواز شریف چیئرمین تحریک انصاف سے بھی زیادہ خطرناک ہیں۔ پی ٹی آئی کی منحرف رہنما نے الزام عائد کیا کہ نواز شریف نے پورے ملک کا اسکریپ اکٹھا کر کے فیکٹری بنائی اور دولت سمیٹی جبکہ مریم نواز کو مانسہرہ جانے کے لئے ہیلی کاپٹر مل جاتا ہے، کیا یہ ہوتی ہے عوامی سیاست۔

(جاری ہے)

عائشہ گلالئی کے الزامات پر مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر مشاہداللہ کا کہنا ہے کہ جن ہاتھوں میں عمران خان اور طاہرالقادری کھیلتے ہیں، عائشہ گلالئی بھی انہی ہاتھوں میں کھیل رہی ہے، مسلم لیگ (ن) کے پاس سینیٹ ٹکٹ کے لیے قد آور لوگوں کی لائن لگی ہوئی ہے۔سینیٹر مشاہد اللہ نے کہا کہ گلالئی پہلے سیاست میں خود کو اس مقام تک لائیں کہ (ن) لیگ انہیں ٹکٹ کی آفر کرے ،ْعائشہ گلالئی نے جو بیانیہ دیا وہ شکست کھا چکا ہے اس لئے انہیں اپنے قد سے زیادہ بات نہیں کرنی چاہیے۔

دوسری جانب تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ خواتین کو سیاسی مخالفین کے خلاف استعمال کرنا مسلم لیگ (ن) کی حکمت عملی ہے اور پانامہ فیصلہ آنے کے بعد حکمراں جماعت نے عائشہ گلالئی کو استعمال کیا۔فواد چوہدری نے کہا کہ لگتا ہے مسلم لیگ (ن) نے عائشہ گلالئی سے کئے گئے وعدے پورے نہیں کئے اور لیگ نے بندوق اپنے پاؤں پر چلا دی ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات