مسلم لیگ ن میں کوئی دھڑے بندی نہیں ہے، وزیراعلیٰ شہبازشریف

حکومت نے نوازشریف کی قیادت میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کاخاتمہ کردیا ہے،مسلم لیگ ن کی لودھراں میں تاریخی فتح عوامی خدمت کاثمر ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 16 فروری 2018 19:20

مسلم لیگ ن میں کوئی دھڑے بندی نہیں ہے، وزیراعلیٰ شہبازشریف
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔16 فروری 2018ء) : وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن میں کوئی دھڑے بندی نہیں ہے،حکومت نے نوازشریف کی قیادت میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کاخاتمہ کردیا ہے،مسلم لیگ ن کی لودھراں میں تاریخی فتح عوامی خدمت کاثمر ہے۔انہوں نے آج یہاں گفتگوکرتے ہوئے پارٹی میں دھڑا بندیوں کی افواہوں کی تردید کردی ہے ۔

انہو ں نے کہاکہ مسلم لیگ ن میں کوئی دھڑے بندی نہیں ہے،حکومت نے نوازشریف کی قیادت میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کاخاتمہ کردیا ہے۔مزید برآں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے آج مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی نے ملاقات کی،جس میں ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اراکین اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لودھراں میں تاریخی فتح پر اللہ کے حضور سجدہ شکر بجا لاتے ہیں۔

(جاری ہے)

دھرنے والوں نے عوام کی خدمت کی بجائے تمام وقت بے بنیاد الزامات پر برباد کیا۔ تبدیلی کے دعویداروں کی ترقی کے میدان میں کارکردگی صفر جمع صفر رہی ہے۔ عوام نے یو ٹرن، لاک ڈاؤن اور دھرنا کریسی کا احتساب کرکے حساب چکا دیا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے عوام کی خدمت کو عبادت سمجھا ہے۔ ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لئے تاریخی اقدامات کئے۔انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی ترقی کے لئے بے مثال اقدامات کئے ہیں اورجنوبی پنجاب میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے مکمل کئے گئے ہیں اوراربوں روپے کے زیر تعمیر ترقیاتی منصوبوں کو تیزی سے مکمل کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں اور میری ٹیم عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لئے شب و روز محنت کر رہے ہیں اور خدمت کے مشن سے نہ پہلے کبھی ہٹا ہوں اور نہ ہی آئندہ ہٹوں گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کھوکھلے نعروں نہیں بلکہ عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے اورہمارا ہر قدم عوام کی فلاح و بہبود کیلئے اٹھ رہا ہے۔عام آدمی کی فلاح و بہبود اور معیار زندگی بلند کرنے کیلئے ٹھوس پروگرامز پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔

عوام کی فلاح و بہبود کے ہر منصوبے پر پیش رفت کی ذاتی طو رپر نگرانی کر رہا ہوں۔انہوں نے کہاکہ ہر سانس عوام کی خدمت کیلئے وقف ہے اورمیں نے عوام کی خدمت کیلئے اپنا خون پسینہ بہایا ہے اورعوامی خدمت کے سفر کو رکاوٹوں کے باوجود تیزی سے آگے بڑھایا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے دل وجان سے عوام کی خدمت کی ہے۔قیام ا من ، توانائی بحران کا خاتمہ اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہماری عوامی خدمت کی روشن مثالیں ہیں-انہوں نے کہاکہ دھرنے احتجاج اور انتشار کی سیاست کرنیوالوں کی عوام دشمنی بھی عیاں ہے-مخالفین دھرنے اور رکاوٹیں کھڑی کرتے رہے لیکن ہم عزم کیساتھ ترقی کے سفر کو آگے بڑھاتے رہے-انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ( ن) کی حکومت نے سماجی شعبوں میں انقلاب برپا کیا ہے۔

وسائل کی منصفانہ تقسیم اور امیر و غریب کے درمیان خلیج کو کم کرنے کیلئے فلاحی پروگرام کا میابی سے آگے بڑھائے ہیں-وزیراعلیٰ شہبازشریف سے ملاقات کرنے والوں میں اراکین اسمبلی راوٴاجمل،عالم داد لالیکااورایم پی اے سلطان حیدر شامل تھے۔