کراچی میں مشنری تعلیمی اداروں کی خدمات قابل قدر ہیں، کمشنر کراچی

جمعہ 16 فروری 2018 19:17

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 فروری2018ء) کمشنر کراچی اعجاز احمد خان نے سینٹ جوزف کانونٹ اسکول کا دورہ کیا اور اسکول میں منعقدہ اکیسویں صدی کی ایجادات کے موضوع پر منعقدہ سائنسی نمائش دیکھی۔ جس میں مختلف جماعتوں کی طالبات کے تیار کر دہ پروجیکٹس کی نمائش کی گئی تھی۔ جمعہ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق نمائش کے لئے فزکس، کیمسٹری، بائیولوجی مضامین ،کمپیوٹر پروگرامنگ اور کمپیوٹر ٹیکنالوجی کے حوالہ پروجیکٹس تیار کئے گئے تھے۔

اس موقع پر طالبات کے تیار کر دہ آرٹ کے فن پاروں کی نمائش بھی کی گئی پروجیکٹس تیار کر نے والی طالبات نے کمشنر کراچی کو اپنے پروجیکٹس کے بارے میں کمپیوٹر اور چارٹس کی مدد سے تفصیلی پریزینٹیشن دی ۔ اس موقع پر طالبات کے تیار کردہ آرٹ کے فن پاروں کی نمائش بھی کی گئی۔

(جاری ہے)

کمشنر نے اکیسویں صدی کی ایجادات کے بارے میں منعقدہ نمائش میں دلچسپی کا اظہارکیا۔

انہوں نے طالبات کے آرٹ کے فن پارے بھی دیکھے۔ انہوں نے طالبات کی تخلیقی کاوشوں کو سراہا اور حوصلہ افزائی کی، طالبات سے ان کے پروجیکٹس کے بارے میں انھوں نے معلوماتی سوالات بھی کئے ۔ کمشنر نے کہا کہ تعلیم کے شعبہ میں کراچی میں سینٹ جوزف کانونٹ اسکول اور دیگر مشنری اسکولوںکی خدمات قابل قدر ہیں۔ انہوں نے کراچی میں معیاری تعلیم کے حوالہ سے سینٹ جوزف کانونٹ اسکول کی خدمات کا خاص طور پر اعتراف کیا۔

انہوں نے کہا کہ سینٹ جوزف کانونٹ اسکول نے لڑکیوں کو معیاری اور جدید تقاضوں کے مطابق تعلیم دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لڑکیوں کی تعلیم کی بہت اہمیت ہے، سائنسی نمائش کے انعقاد سے طالبات میں سائنسی مضامین کے بارے میں معلومات میں اضافہ ہوگا اور انہیں سیکھنے کے مواقع ملیں گے۔ انہوں نے تعلیم کے سلسلہ میں اساتذہ کی خدمات کو بھی سراہا۔

اس موقع پر اسکول کی پرنسپل سسٹر انیلا کانسٹنٹ Sister Anila Constant نے کمشنر کو اسکول کی تاریخ،نمائش کے انعقاد کے مقاصد اور معیاری تعلیم کے لئے اسکول کی خدمات کے حوالے سے تفصیلات سے کمشنر کو آگاہ کیا۔ کمشنر کو بتایا گیا کہ سینٹ جوزف کانونٹ اسکول کراچی میں گذشتہ ایک سو پچاس سال سے خدمات انجام دے رہا ہے۔ اس موقع پر اسکول کی پرنسپل سسٹر انیلا کانسٹنٹ Sister Anila Constant ،ہیڈ مسٹریس نسیمہ کپاڈیہ اور اسسٹنٹ کمشنر صدر سارہ جاوید اوردیگر بھی موجود تھیں۔

متعلقہ عنوان :