ْ تاریخ میں پہلی بار ملازمتوں میں خصوصی افراد کے کوٹے پر عملدرآمد کیا گیا ہے،میئر کراچی

خصوصی افراد کو ان کا حق ملنا خوشی کی بات ہے مگرمحکموں کو ایسے کام کے لئے عدالتی احکامات کا انتظار نہیں کرنا چاہئے،وسیم اختر

جمعہ 16 فروری 2018 19:17

ْ تاریخ میں پہلی بار ملازمتوں میں خصوصی افراد کے کوٹے پر عملدرآمد ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 فروری2018ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کے ایم سی کی تاریخ میں پہلی بار ملازمتوں میں خصوصی افراد کے کوٹے پر عملدرآمد کیا گیا ہے اور 44 عارضی ملازمین کو مستقلی کے حکم نامے جاری کئے ہیں ، خصوصی افراد کو ان کا حق ملنا خوشی کی بات ہے مگرمحکموں کو ایسے کام کے لئے عدالتی احکامات کا انتظار نہیں کرنا چاہئے، کے ایم سی افسران وقت پر دفتر آنے کی عادت ڈالیںمزید غفلت برداشت نہیں کی جائے گی، گزشتہ ایڈمنسٹریٹرز نے جو مزے کئے ان کے ادھار چکا رہا ہوں، محکموں کو بتدریج بہتر کیا جا رہا ہے، کراچی کے مسائل ہمارے مسائل ہیں اس لئے وہ کام بھی کر رہے ہیں جو ہماری ذمہ داری نہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کی سہ پہر کے ایم سی کے مختلف محکموں میں کنٹریکٹ کی بنیاد پر کام کرنے والے معذور ملازمین کو مستقل ملازمت کے تقرر نامے جاری کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر میونسپل کمشنر ڈاکٹر اصغر عباس، سٹی کونسل میں پارلیمانی لیڈر اسلم شاہ آفریدی، مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی لیڈر امان خان آفریدی،جماعت اسلامی کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر عبدالصمد، سینئر ڈائریکٹر ایچ آر ایم محمود الحسن اور دیگر سینئر افسران کے علاوہ سجن یونین کے سربراہ ذوالفقار شاہ بھی موجود تھے، میئر کراچی وسیم اختر نے اس موقع پر مستقل کئے جانے والے ملازمین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے عارضی ملازمین کو پہلی بار مستقل کیا جا رہا ہے یہ کام بہت پہلے ہو جانا چاہئے تھا اور اس حوالے سے متعلقہ محکموں کو خود ہی فیصلہ کرنا چاہئے لیکن عموماً یہ دیکھنے میں آیا ہے کہ عدالتی احکامات کے بعد ہی مختلف مسائل اور معاملات کو حل کیا جاتا ہے انہوں نے کہا کہ ان تمام عارضی ملازمین کو مستقل کرنے سے قبل بلدیہ عظمیٰ کراچی کے تمام محکموں میں فارم بناکر بھیجے گئے اور تفصیلات معلوم کی گئیں جس کے بعد باقاعدہ طریقہ کار مکمل کرنے کے بعد ان عارضی ملازمین کو مستقل کیا گیا ،انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں خصوصی افراد کا خاص خیال رکھا جاتا ہے اور ہر چیز میں ان کا حصہ اس طرح مختص کیا جاتا ہے کہ انہیں محسوس نہ ہو، خصوصی افراد کے لئے ملازمتوں کے کوٹے پر عملدرآمد کے لئے تمام محکموں کا سروے کرایا اور طریقہ کار مکمل کرکے بلدیہ عظمیٰ کراچی میں پہلی بار 44 معذور کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کیا گیا ہے، یہ کام ایک ٹیم ورک کا نتیجہ ہے اور اس میں سجن یونین کے صدر ذوالفقار شاہ کا بھی اہم کردار ہے جو اس سلسلے میں ہمیں یاددہانی کراتے رہے، انہوں نے کہا کہ جب مجھے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمے ملے تو ان کا بہت برا حال تھا اور بدقسمتی سے ہمارے ہاں پانی و سیوریج اور کچرے کے ایشوز کی طرح یہ معاملہ بھی عدالتیں دیکھ رہی ہیں، انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ماضی کی غفلت کے باعث محکموں کو کام نہ کرنے کی عادت پڑ گئی ہے ، نہ آنے والے افسران و ملازمین کو آخری بار تنبیہ کررہا ہوں کہ افسران اپنے دفتری معاملات کو درست رکھیں اور وقت پر دفتر آئیں، افسران وقت کی پابندی کریں گے تو عملہ بھی وقت پر دفتر پہنچے گا، انہوں نے میٹروپولیٹن کمشنر کو ہدایت کی کہ افسران کی ان کے محکموں میں وقت پر حاضری کو یقینی بنائیں اور اس کی ہفت وار رپورٹ پیش کریں، انہوں نے کہا کہ شہر کے مسائل کے حل میں یقینا وقت لگ رہا ہے جس کی وجہ وسائل کی کمی ہے مگر اس کے باوجود جو دستیاب وسائل ہیں ان میں رہتے ہوئے ہم مسائل کے حل کے لئے مستقل کوشاں ہیں، چاہے یہ مسائل سڑکوں کی استرکاری سے متعلق ہوں، سیوریج کے ہوں یا کچرا اٹھانے کے معاملات،انہوں نے کہا کہ اگرچہ یہ کام موجودہ دور میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کے پاس نہیں رہنے دیئے گئے مگر اس کے باوجود چونکہ یہ شہر ہم سب کا ہے لہٰذا اس کے مسائل حل کرنا بھی ہم سب کی ذمہ داری ہے انہوں نے کہا کہ ہم نے بحریہ ٹائون کے تعاون سے ضلعی وسطی میں کچروں کے انبار ہٹائے اب کورنگی کا رخ کیا ہے اور جلد ہی ضلع غربی میں کچرا صاف کرنے جا رہے ہیں، اے ڈی پی کے تحت اسکیموں پر بھی کام ہوتا نظر آئے گا، بعدازاں میئر کراچی وسیم اختر نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے مختلف محکموں میں کام کرنے والے 44 خصوصی افراد کو ان کی مستقل ملازمت کے تقرر نامے پیش کئے۔

(جاری ہے)

تقریب سے محکمہ ایچ آر ایم کے سربراہ محمود الحسن نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ جسمانی معذوری کا شکار ان ملازمین کو بلدیہ عظمیٰ کراچی میں کام کرتے ہوئے 5 سے 7 سال ہوچکے ہیں، ملازمت مستقل ہونے کی ان کی دعائیں رنگ لائیں اور میئر کراچی کی ہدایات پر انہیں آج تقرر نامے جاری کئے جارہے ہیں جو ایک بڑا قدم ہے، تقرر نامے حاصل کرنے والے معذور ملازمین نے اس موقع پر میئر کراچی وسیم اختر کا شکریہ ادا کیا اور بلدیہ عظمیٰ کراچی کے مستقل ملازمین میں شامل ہونے پر مسرت کا اظہار کیا۔

متعلقہ عنوان :