کراچی ،آئی این ایل کے تعاون سے فارنزک تحقیقات کے حوالے سے دو ہفتوں کے کورس پر مشتمل تربیتی پروگرام کا آغاز

جمعہ 16 فروری 2018 19:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 فروری2018ء) امریکن ایمبیسی اسلام آباد کے تحت انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لاء انفورسمنٹ(INL) کے تعاون سے سندھ پولیس ٹریننگ کالج سعیدآباد میں فارنزک تحقیقات کے حوالے سے دو ہفتوں کے کورس پر مشتمل تربیتی پروگرام کا آغاز کیا جارہا ہے ۔اس تربیتی پروگرام میں سندھ کی سطح پر تمام فیلڈ،یونٹس آف پولیس سے دس(10) خواتین سمیت مجموعی طور پرتیس(30) پولیس افسران اورجوانوں کو فارنزک انویسٹی گیشن کی تربیت اور پیشہ وارانہ امورمیں اسکی ضرورت و افادیت سے متعلق تربیت دی جائے گی۔

ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ ڈاکٹر ولی اللہ دل نے متذکرہ کورس کے حوالے سے منعقدہ ایک سادہ مگر پروقار تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور فارنزک سائنس کی خصوصیات اور اسکی اہمیت کا مختلف حوالوں سے احاطہ کرتے ہوئے بتایا کہ جدید اور ماڈرن خطوط سے آراستہ انویسٹی گیشن کے جملہ پہلوؤں میں فارنزک سائنس کا استعمال ایک مؤثر ذریعہ ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس موقع پر قصور واقعہ میں زینب قتل کیس کے حل میں بھی فارنزک سائنس کے استعمال کا حوالہ دیا۔ان کا کہنا تھا کہ آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ سندھ پولیس کو جدید آلات سے لیس کرنے اور اسے دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے باالخصوص پولیس کے تربیتی معیار کو ہر سطح پر مؤثر بنانے کے لئے انتہائی سنجیدہ اقدامات اٹھارہے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ اسکول آف انٹیلی جینس اور انویسٹی گیشن جلد ہی قابل عمل ہوجائے گا۔

اس موقع پر ڈی آئی جی ٹریننگ شرجیل کھرل نے فارنزک انویسٹی گیشن کی تربیتی مقاصد اور اسکے ثمرات کا تفصیلی احاطہ کرتے ہوئے کہا کہ فارنزک سائنس انویسٹی گیشن دور حاضر کی ایک ضرورت ہے۔ انہوں نے اسکی اہمیت اور افادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آئی جی سندھ کے احکامات کے تحت فارنزک انویسٹی گیشن کی تربیت کے دائرے کو پولیس رینج اور اضلاع کی سطح پر اور باالخصوص شعبہ تفتیش تک وسعت دینے کے لئے تمام تر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔تقریب کے اختتام پرکریکولم ڈیولپمنٹ ٹیم کے دیگر ممبران ریٹائرڈ آئی جی محمد اکبر سمیت ایس ایس پی فیض اللہ کوریجوکے علاوہ اقبال ڈیتھو،ڈاکٹر عمیر اور ڈی آئی جی عبدالخالق شیخ اور آئی این ایل(INL) کے رچرڈ سانڈرز بھی موجود تھے ۔

متعلقہ عنوان :