مصباح الحق پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ کے برانڈ سفیر مقرر

نیکی اور خدمت کے اس حکومت پنجاب کے جدید ترین طبی سہولتوں سے آراستہ ہسپتال کو نہایت قابل تحسین اقدام سمجھتے ہیں، مصباح الحق

جمعہ 16 فروری 2018 19:04

مصباح الحق پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ کے برانڈ سفیر مقرر
لاہور۔16 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 فروری2018ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق کپتان مصباح الحق کو پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ کا برانڈ سفیر مقرر کر دیا گیا۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر سعید اختر نے مصباح الحق کو پکلی کے برانڈ سفیر بنانے کا اعلان کیا۔مصباح الحق نے کمشنر لاہور ڈویژن عبدالله خان سنبل کے ہمراہ پکلی کا دورہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے انسٹیٹیوٹ میں امراض گردہ و جگر کے حوالے سے دستیاب جدید ترین سہولیات، ٹرانسپلانٹ سنٹر، وارڈز اور لیباٹریوں کا دورہ کیا۔ پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ کا گزشتہ ماہ وزیراعلی پنجاب نے باقاعدہ افتتاح کیا تھا۔ انسٹیٹیوٹ فعال ہو کر مستحق، نادار اور غریب مریضوں کے علاج میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔مصباح الحق نے اپنے دورے کے دوران کہا کہ وہ نیکی اور خدمت کے اس حکومت پنجاب کے جدید ترین طبی سہولتوں سے آراستہ ہسپتال کو نہایت قابل تحسین اقدام سمجھتے ہیں اور اس انسٹیٹیوٹ کے اغراض و مقاصد کو سامنے رکھتے ہوئے اس کے لیے برانڈ سفیر کی حیثیت سے ضرور مدد کریں گے اور نیکی اور خدمت کے اس انقلابی پروگرام کو مقدس سمجھتے ہوئے ضرور کام کریں گے۔