کامیاب حکومتی اقدامات سے کم آمدنی رکھنے والے طبقات تک زیادہ سے زیادہ طبی سہولتوں کی فراہمی ممکن ہو رہی ہے،ممنون حسین

پاکستان میں ڈینگی سمیت نئے خطرناک امرا ض پر قابو پانے کے سلسلے میں کامیاب کوششوں سے طبی اداروں کی صلاحیت میں اضافہ ہوا ،وہ چیلنجز سے نمٹنے کے معاملے میں پہلے سے زیادہ مؤثر ہوگئے ہیں ، صدر مملکت کی صدر رائل کالج آف فزیشنز ایڈنبرا سے گفتگو

جمعہ 16 فروری 2018 18:47

کامیاب حکومتی اقدامات سے کم آمدنی رکھنے والے طبقات تک زیادہ سے زیادہ ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 فروری2018ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ آبادی کے لحاظ سے پاکستان جیسے بڑے ملک میں شہریوں کو طبی سہولتوں کی فراہمی مشکل کام ہے لیکن حکومت پاکستان نے اس سلسلے میں کامیاب اقدامات کئے ہیں جن کی مدد سے کم آمدنی رکھنے والے طبقات تک زیادہ سے زیادہ طبی سہولتوں کی فراہمی ممکن ہو رہی ہے۔

صدر مملکت نے یہ بات جمعہ کو رائل کالج آف فزیشنز ایڈنبرا کے صدر پروفیسر ڈریک بیل سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنھوں نے اپنے وفد کے ہمراہ ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔صدر مملکت نے کہا کہ پاکستانی میڈیکل کالجز اور یونیورسٹیوں کے ساتھ رائل کالج ایڈ نبرا کے تعاون میں اضافہ ہونا چاہیے تاکہ پاکستانی معا لجین کی صلاحیتوں میں مزید نکھار پیدا ہو سکے۔

(جاری ہے)

انھوں نے توقع ظاہر کی کہ ڈاکٹر بیل کے دورہ پاکستان سے باہمی تعاون میں مزید اضافہ ہو گا اور پاکستانی ڈاکٹر وں کو دنیا کے اعلیٰ ترین اداروں میں تربیت کے مزید مواقع میسر آئیں گے۔صدر مملکت نے مزید کہا کہ پاکستان میں ڈینگی سمیت نئے خطرناک امرا ض پر قابو پانے کے سلسلے میں بہت کامیاب کوششیں ہوئی ہیں جن کے نتیجے میں پاکستان کے طبی اداروں کی صلاحیت میں اضافہ ہوا ہے اور پاکستانی ادارے اس طرح کے چیلنجز سے نمٹنے کے معاملے میں پہلے سے زیادہ مؤثر ہوگئے ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان میں شہریوں کو کم خرچ علاج کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے کئی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اس سلسلے میں حکومت پنجاب نے اچھے منصوبے بنا ئے ہیں جن کے بہتر نتائج برآمد ہوں گے۔رائل کالج آف فزیشنز ایڈ نبرا کے صدر پروفیسر ڈریک بیل نے اس موقع پر کہا کہ ان کا ادارہ پاکستان کے ساتھ نوجوان ڈاکٹروں کی تربیت کے سلسلے میں تجاویز پر غور کر رہا ہے جس کی عملی شکل جلد سامنے آجائے گی۔

متعلقہ عنوان :