آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو شکست دیکر ٹی ٹوئنٹی میں ہدف کے تعاقب کا عالمی ریکارڈ بنالیا

پوائنٹس ٹیبل پر آسٹریلیا چاروں میچز میں کامیابی کے بعد 8 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے ،ْرپورٹ نیوزی لینڈ نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 243 رنز بنائے ،ْآسٹریلیا نے ہدف 18.9 اوورز میں 5 وکٹوں پرپورا کرلیا

جمعہ 16 فروری 2018 18:33

آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو شکست دیکر ٹی ٹوئنٹی میں ہدف کے تعاقب کا عالمی ..
آکلینڈ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 فروری2018ء) آسٹریلیا نے سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پانچویں میچ میں نیوزی لینڈ کو شکست دے کر ٹی ٹوئنٹی طرز کی کرکٹ میں ہدف کے تعاقب کا عالمی ریکارڈ بھی بنالیا۔آکلینڈ کے ایڈن پارک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 243 رنز بنائے جس کے جواب میں کینگروز نے ہدف 18.9 اوورز میں 5 وکٹوں پر باآسانی حاصل کیا۔

آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو شکست دینے کے ساتھ کامیابی سے ہدف کا تعاقب کرنے کا عالمی ریکارڈ بھی بنالیا۔ اس سے قبل ویسٹ انڈیز نے 2015 میں جنوبی افریقا کے خلاف 236 رنز کا ہدف حاصل کیا تھا، انگلینڈ نے مارچ 2016 میں جنوبی افریقا کے خلاف ممبئی میں کھیلے جانے والے میچ میں 230 رنز کا ہدف حاصل کیا۔

(جاری ہے)

بھارت نے دسمبر 2009 میں سری لنکا کے خلاف 211 اور جنوبی افریقا نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ستمبر 2007 میں 208 رنز کا ہدف کامیابی سے حاصل کیا تھا۔

آسٹریلیا کی جانب سے اوپننگ بلے باز ڈیوڈ وارنر اور آرکی شارٹ نے اننگز کا آغاز کیا اور جارحانہ انداز اپناتے ہوئے کیویز بولروں کی خوب پٹائی لگائی، دونوں بلے بازوں نے پہلی وکٹ پر 121 رنز جوڑے تو وارنر 24 گیندوں پر 59 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، ان کی اننگز میں 5 چھکے اور 4 چوکے بھی شامل تھے۔وارنر کے آؤٹ ہونے کے بعد نئے آنے والے بلے باز کرس لین نے بھی جارحانہ انداز اپنایا تاہم وہ صرف 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، گلین میکسویل 31 اور مرکس اسٹونس 4 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ ایرون فنچ 36 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

آسٹریلیا کی جانب سے آرکی شارٹ نے صرف 44 گیندوں پر 3 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 76 رنز بنائے اور نمایاں اسکورر رہے جبکہ اس شاندار کارکردگی پر انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا۔نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤتھی، ایش سودی، ٹرینٹ بولٹ اور گرینڈ ہوم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل نیوزی لینڈ نے بیٹںگ کی تو اوپننگ بلے باز مارٹن گپٹل نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 54 گیندوں پر 9 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 105 رنز بنائے جب کہ کولن منرو 76، ٹم سیفرٹ 12، مارک چیپمین 16، گرینڈ ہوم 3 اور کپتان کین ولیمسن ایک رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پوائنٹس ٹیبل پر آسٹریلیا چاروں میچز میں کامیابی کے بعد 8 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ نیوزی لینڈ نے 3 میچز کھیلے جس میں اسے ایک میں کامیابی اور دو میں ناکامی کا سامان رہا اور 2 پوائنٹس کے ساتھ وہ دوسرے نمبر پر ہے۔انگلینڈ نے اب تک تین میچز کھیلے ہیں اور تینوں میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا، آسٹریلیا سے سیریز کا فائنل کھیلنے کے لئے نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے درمیان فائنل ٹاکرا ہوگا اور کامیاب ٹیم ہی کینگروز سے سیریز کے فائنل میں مدمقابل ہوگی۔

متعلقہ عنوان :