Live Updates

(ن) لیگ کو این آر او کا طعنہ دینے والے عمران خان آج بھی امپائر کی انگلی اٹھنے کے منتظر ہیں، خواجہ طارق نذیر

خدمت کی وجہ سے لودھراں کی عوام نے اعتماد کا اظہار کیا،ملک سے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کوئی معمولی بات نہیں، جنرل سیکرٹری مسلم لیگ(ن) کراچی ڈویژن

جمعہ 16 فروری 2018 18:29

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 فروری2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری خواجہ طارق نذیر نے کہا ہے کہ (ن) لیگ کو این آر او کا طعنہ دینے والے عمران خان آج بھی امپائر کی انگلی اٹھنے کے منتظر ہیں ۔ لعنت ملامت کی گندی سیاست اہل لودھراں کے ووٹوں تلے دفن ہو گئی ہے،گالی نہیں دلیل، دعوے نہیں خدمت، کام کام اور صرف کام مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی پہچان ہے،عوام کی خدمت کی وجہ سے لودھراں کی عوام نے لیگی قیادت پراعتماد کا اظہار کیاہے،ملک سے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کوئی معمولی بات نہیں،مخالفین نے ہمیشہ الزامات اور گالیوں کی سیاست کی، نیا پاکستان بنانے والوں کے پاس کچھ نہیں ہے اب انہیں سیاست چھوڑ کر کوئی اور کام کر لینا چاہیے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو مسلم لیگ (ن) کراچی کے نائب صدر افتخار گھمن کے بھائی سرفرازگھمن کے رسم قل کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مسلم لیگی رہنما خواجہ نیئرشریف،طارق محمود، خواجہ عدنان،رزاق بٹ،عبدالجبار،چوہدری جمیل،صادق خان اور راناعبدالشکور سمیت دیگربھی موجود تھے۔ خواجہ طارق نذیر نے کہا کہ 2018 میں مسلم لیگ ن ہی جیتے گی ، ملک کے کونے کونے میں مسلم لیگ ن ہی نظر آئے گی ،مخالفین نے ساڑھے چار سال میں سوائے گالی گلوچ بہتان تراشی اور دھرنوں کے کوئی کام نہیں کیا،جبکہ مسلم لیگ (ن) نے صرف اور صرف عوامی خدمت کی سیاست کی ہے، پارلیمنٹ پر لعنت ملامت کرنے والے لیڈر کاطرز عمل جمہوری روایات کے منافی ہے اوران عناصر نے پارلیمنٹ کے آئینی ادارے کی توہین کی ہے۔

یہ وہ عناصر ہیں جنہوںنے دھرنے دے کرملک و قوم کے مسائل میں ا ضافہ کیا، مسلم لیگ ن پہلے سے زیادہ مضبوط اور متحد ہے، مخالفین نے محمد نواز شریف کے خلاف منفی پروپیگنڈہ کے علاوہ کوئی کام ذمہ داری سے نہیں کیا۔انہوں نے کہاکہ عمران خان کی غلط فہمی تھی اے ٹی ایم سے نوٹ نکلتے ہیں ووٹ نہیں ، جہانگیر ترین نے عوام کو نہیں عمران خان کو بلینک چیک دیا تھا، پارٹی کے سربراہ کو جہاز دینے سے عوام مطمئن نہیں ہوتے ،لودھراں میں پیسہ ہار گیا اورخدمت جیت گئی ،عمران خان اپنی نا اہلی کو چھپانے کے لئے دوسروں پر الزام تراشی کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھا دیا ہے اور مکمل ہونے والے بڑے منصوبوں اور فلاحی پروگراموں سے عوام کی بڑی تعداد مستفید ہورہی ہے۔قبل ازیں انہوں نے افتخار گھمن کے بھائی سرفراز گھمن کی وفات پر فاتحہ خوانی اور اظہار تعزیت کی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :