حکمران قرآن و سنت کی بجائے امریکہ اور استعمار کے وفا دار ہیں‘ذکراللہ مجاہد

ملک میں سودی نظام ہی غربت اور مہنگائی کی بنیادی وجہ ہے سودی معاشی نظام اللہ تعالیٰ سے جنگ کے مترادف ہے

جمعہ 16 فروری 2018 18:29

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 فروری2018ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ حکمران قرآن و سنت کی بجائے امریکہ اور استعمار کے وفا دار بنے ہوئے ہیں،امت مسلمہ کی آزادی اور ترقی کا راستہ کرپٹ سیاستدانوں سے نجات اور قرآن سنت سے وابستگی ہے۔ ملک میں سودی معاشی نظام ہی غربت اور مہنگائی کی بنیادی وجہ ہے سودی معاشی نظام اللہ تعالیٰ سے جنگ کے مترادف ہے ۔

ان خیالات کا اظہار گذشتہ روزانہوںنے مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے عوامی وفود سے گفتگو کے دوران اپنے بیان میں کیا۔انہوںنے مزید کہا کہ ہمارے حکمرانوں کا المیہ ہے کہ آج تک سودی معاشی نظام کو ختم نہیں کیا جا سکاجبکہ اسلام کے نام پر ملک کو حاصل کیا گیا ہے۔ملک میں اس وقت سرکاری سطح پر ہونے والی بینک کاری میںسودی نظام معیشت رائج ہے جس کی وجہ سے ہر فرد مصائب کا شکار ہو چکا ہے ۔

(جاری ہے)

موجودہ سودی نظام معیشت کی روک تھام کے لیے ہمیں سب کو مل کر اپنا اپنا کردار ادا کرنے اور اسلامی نظام حکومت کے لیے جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی سیاست اور دعوت کا مقصد انسانوں کواللہ تعالیٰ کے قریب لاکر ایک ایسا نظام قائم کرنا ہے جہاں ریاست کمزور وں ، ضرورت مندوں کومدد فراہم کرے اور جہاں نیکی کرنا آسان اور بدی کرنا مشکل ہو۔انہوںنے کہا کہ عوام ملک سے کرپشن ، مہنگائی ، بیروزگاری ، سودی نظام کے خاتمے اور اسلامی ریاست کے قیام کے لیے آئندہ انتخابات میں جماعت اسلامی کا ساتھ دے تاکہ ملک کو مدینہ جیسی اسلامی اور فلاحی ریاست بنا یا جا سکے ۔

متعلقہ عنوان :