پنجاب اسمبلی کا اجلاس ، عاصمہ جہانگیر کے انتقال پر تعزیتی قرارداد متفقہ طور پر منظور

جمعہ 16 فروری 2018 18:26

لاہور۔16 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 فروری2018ء) پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں ممتاز قانون دان انسانی حقوق کی علمبردار عاصمہ جہانگیر کے انتقال پر تعزیتی قرارداد متفقہ طور پر منظورکر لی گئی،سیالکوٹ یونیورسٹی اور ناروال یونیورسٹی کے بل ایوان میں پیش کئے گئے ،پنجاب اسمبلی کا اجلاس 45منٹ تاخیر سے سپیکر رانا محمد اقبال کی زیر صدارت شروع ہوا۔

اسمبلی کے ایجنڈے محکمہ لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ کے متعلق سوالات کے جواب پارلیمانی سیکرٹری رمضان صدیق بھٹی نے دئیے۔پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے قواعد کی معطلی کی تحریک پیش کرنے کے بعد قرارداد پیش کی ،قرارداد کے مطابق یہ ایوان ممتاز قانون عاصمہ جہانگیر کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتا ہے اور ان کے غمزدہ خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتا ہے ۔

(جاری ہے)

مرحومہ نہایت نڈر اور جرات مند وکیل رہنما ہونے کے ساتھ ساتھ فعال سماجی کارکن اور انسانی حقوق کی علمبردار بھی تھیں۔مرحومہ کو سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی صدر ہونے کا بھی اعزاز حاصل رہا ہے۔ان کی زندگی دستور کی بالادستی ،اصولوں کی حکمرانی اور جمہوری اقدار کی سربلندی کیلئے جدوجہد میں گزری جس پر حکومت پاکستان نے انہیں ہلال امتیاز بھی عطا کیا تھا ۔

ان کی خدمات کو نہ صرف پاکستان بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے ۔یہ ایوان ان کے درجات کی بلندی کیلئے دعا گو ہے۔قبل ازریں وقفہ سوالات کے دوران پی ٹی آئی کی رکن راحیلہ انور نے ایک ضمنی سوال میں کہا لاہور شہر میں جگہ جگہ تجاوزات کی بھر مار ہے ، تجاوزات کی وجہ سے ٹریفک جام رہنا روزانہ کا معمول بن چکا ہے۔جواب میں پا رلیمانی سیکرٹری رمضان صدیق بھٹی نے کہا کہ پوری دنیا میں تجاوزات کیخلاف آپریشن ہوتے ہیں اور یہ سلسلہ چلتا رہتا ہے لیکن حکومت نے خصوصی طور پر لاہور شہر میں میگا آپریشن کیے ہیں اور کافی حد تک تجاوزات پر کنٹرول کیا ہے ۔

اس کیلئے حکومت نے ماڈل بازار بھی بنائے ہیں۔حکومتی رکن نگہت شیخ نے ایک سوال میں کہاضلع لاہور کے 9ٹونز میں ڈویلپمنٹ سکیموں میں کتنی رقم مختص ہوئی اورکتنی خرچ ہوئی ،جواب میں پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ ترقیاتی سکیموں کیلئے چار کرڑو روپے مختص کیے گئے اور تمام رقم ان سکیموں پر خرچ کی گئی ہے ۔بعدازاں اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید کے نقطہ اعتراض کے جواب میں وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے کہا کہ انٹرپول نے پنجاب حکومت کو عابد باکسر کی کوئی اطلاع نہیں دی ہے۔

اگر انٹرپول نے عابد باکسر کی گرفتاری کی اطلاع پنجاب حکومت کو دی تو اس کو ضرور گرفتار کیا جائے اور انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔پنجاب حکومت کے کہنے پر وفاقی حکومت نے اس کے ریڈ وارنٹ جاری کیے ہیں، وزیر قانون نے سیالکوٹ یونیورسٹی اور ناروال یونیورسٹی کے بل ایوان میں پیش کردیے اسی دوران پی ٹی آئی کے رکن آصف محمود نے کورم کی نشاندہی کر دی، مالیہ اراضی پنجاب ،پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی اور چیریٹیز پنجاب کا بل منظور نہ ہو سکا۔کورم پورا نہ ہونے پر سپیکر نے اجلاس پانچ منٹ کیلئے ملتوی کیا پانچ منٹ بعد بھی کورم پورا نہ ہوسکا جس پر سپیکر نے اجلاس پیر دوپہر دو بجے تک ملتوی کردیا۔