ملکی و بیرونی سرمایہ کاروں کیلئے آزاد کشمیر انڈسٹریل پالیسی میں سنہری مواقع موجود ہیں ،میاں زاہد حسین

آزاد کشمیر میں کشمیری دستکاری، معدنیات، ہائیڈروپار جنریشن اور ٹورازم میں سرمایہ کاری کے بہترین امکانات ہیں،صدر کراچی انڈسٹریل الائنس

جمعہ 16 فروری 2018 17:56

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 فروری2018ء) پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فور م وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر ،بزنس مین پینل کے سینئروائس چیئرمین اور سابق صوبائی وزیر میاں زاہد حسین نے کہاکہ آزاد کشمیر کے میر پور اور بھمبر اضلاع میں میڈیم اور لارج اسکیل انڈسٹریز لگانے کے لئے بہترین مواقع موجود ہیں۔موجودہ کاروبار جس میںفوڈ اینڈ بیکری، فرنیچر، اسٹیل ورکس، کرش مشینز،پولٹری فارمز اور ہوٹلز قابلِ ذکر ہیں جن میں سرمایہ کاری کی جاسکتی ہے، اس کے ساتھ ساتھ حکومت کی پالیسی کے مطابق اسلحہ بارود ، سیکیورٹی پرنٹنگ اور ریڈیو ایکٹیو مصنوعات کے علاوہ ہر طرح کی صنعتیں قائم کی جاسکتی ہیں۔

میاں زاہد حسین نے بزنس کمیونٹی سے گفتگو میں کہا کہ آزاد کشمیر کی صنعت دوست انڈسٹریل پالیسی خطہ کی صنعتی اور معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گی۔

(جاری ہے)

اس پالیسی کے اطلاق سے آزاد کشمیرمیں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا اور ملک معاشی طور پر ترقی کرے گا۔ ایسی صنعت دوست پالیسی بنانے پر آزاد کشمیرکی حکومت اور وزارتِ صنعت و تجارت آزاد کشمیر مبارکباد کی مستحق ہے۔

میاں زاہد حسین نے کہا کہ قدرت نے کشمیر کو بے تحاشہ حسن سے نوازا ہے، جسکی وجہ سے اس جنت نظیر خطہ میں ٹورازم کے فروغ سے ملکی معیشت کو ترقی اور استحکام حاصل ہوگا۔ آزاد کشمیر کی انڈسٹریل پالیسی کی کئی منفرد خصوصیات ہیں جن میں صنعت کے قیام سے پانچ سالوں تک تمام مصنوعات پر سیلز ٹیکس سے استشناء،انڈسٹریل اسٹیٹ میں آسان اقساط پر انڈسٹریل پلاٹس کی فراہمی اور قومی بینکوں اور جدید اقتصادی اداروں کے ذریعے قرضوں کی فراہمی شامل ہیں۔

مقامی طور پر صنعتوں کو ہنر مندوں کی فراہمی کے لئے آزاد کشمیر میں 17ووکیشنل اور ٹریننگ انسٹیٹیوٹ موجود ہیں جن سے بآسانی صنعتوں کو مقامی اسکلڈ لیبر فراہم ہوسکے گی۔ صنعت و تجارت کے فروغ و ترقی کے لئے میر پور آزاد کشمیر میں ڈرائی پورٹ بھی زیرتعمیر ہے جس کی تکمیل سے مقامی مصنوعات کو ملکی و غیر ملکی منڈیوں تک پہنچانے میں سہولت حاصل ہوگی۔

میاں زاہد حسین نے کہا کہ اس پالیسی سے خاطر خواہ فائدہ اٹھانے کے لئے موجودہ وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان اور متعلقہ ادارے سرمایہ کاروں کو متوجہ کرنے کے لئے اقدامات کریں تاکہ اس انڈسٹریل پالیسی سے ملکی معیشت کو مطلوبہ فوائد حاصل ہوں۔آزاد کشمیر کو سی پیک سے منسلک کرنے کے لئے میرپور ،مظفرآباداورمانسہرہ روڈکی تعمیر کا منصوبہ بنایا گیا ہے جس سے آزاد کشمیر کی ملک کے باقی حصوں کے ساتھ آسان اور با سہولت تجارت ہو سکے گی، نیز بیرونی ملک منڈیوں تک کشمیری مصنوعات کی رسائی ممکن ہوسکے گی۔

متعلقہ عنوان :