کوئٹہ سیف سٹی منصوبہ فعال نہ ہونے سے بھاری نقصان اٹھانا پڑھ رہا ہے ، میر عبدالقدوس بزنجو

میڈیکل کالجز کے احتجاج میں بیٹھے امیدواروں کو 24گھنٹے میں مسائل حل کر نے کی یقین دہانی کروائی تھی ،معاملہ عدالت میں ہے جو بھی فیصلہ کیا جائیگا اسے من وعن قبول کریں گے ،وزیراعلی بلوچستان

جمعہ 16 فروری 2018 16:50

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 فروری2018ء) وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ کوئٹہ سیف سٹی منصوبہ فعال نہ ہونے کی وجہ سے بھاری نقصان اٹھانا پڑھ رہا ہے ، میڈیکل کالجز کے احتجاج میں بیٹھے امیدواروں کو 24گھنٹے میں مسائل حل کر نے کی یقین دہانی کروائی تھی تاہم اب معاملہ عدالت میں ہے عدالت جو بھی فیصلہ کر ے گی اسے من وعن قبول کریں گے ،کھلی کچہر ی میں پیشہ ور لوگوں کے آنے کا بھی خدشہ ہے اس لئے ہر درخواست کی جانچ پڑتال کے بعد ہی احکامات جاری ہونگے ،یہ بات انہوں نے جمعہ کو وزیر اعلی سیکرٹریٹ میں کھلی کچری کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کر تے ہوئے کہی ، اس موقع پر صوبائی وزراء میر غلام دستگیر بادینی ،میر سر فراز بگٹی ، منظور احمد کاکڑ ،طا ہر محمود ،مشیر خوراک میر ضیا ء اللہ لانگو بھی انکے ہمراہ تھے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی سیکر ٹریٹ میں کھلی کچہری لگانے کا مقصد عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے سالوں پر محیط مسائل میں سے 20 فیصد بھی حل کر پائے تو کامیابی سمجھیں گے کھلی کچری میں سائلین کی تعداد دن بدن بڑھتی جارہی ہے جو کہ مثبت تبدیلی ہے کوشش ہو گی کہ زیا دہ سے زیادہ سائیلین کے مسائل حل کئے جائیں لیکن خدشہ ہے کھلی کچہری میں پیشہ ور افراد بھی فائدہ اٹھا سکتے ہیں اس لئے تمام درخواستوں کی جانچ پڑتال کے بعد ہی احکامات جاری ہونگے انہوں نے کہا کہ احتجاج پر بیٹھے میڈیکل کا لجر میں داخلے کے امیدوار وں کو 24 گھنٹے میں مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی،لیکن یہ معاملہ اب عدالت میں ہے وہ جو فیصلہ کرینگے اسے من وعن تسلیم کرینگے،ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو سیکورٹی فورسز کی مدد سے کافی حد تک کمزور کر دیا گیا ہے سیف سٹی پروجیکٹ فعال نہ ہونے سے بھاری نقصان اٹھانا پڑا ہے سیف سٹی منصوبے میں تاخیر کی وجہ سے دہشتگردی کے واقعات کی تحقیقات میں مشکلات کا سامنا ہے امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے سیف سٹی پروجیکٹ پر کام کرنا ہوگاانہوں نے عزم کا اظہار کیا کہ باقی صوبوں کی طرح یہاں بھی جلد از جلد سیف سٹی پروجیکٹ بحال کر دیا جائے گا،وزیراعلی بلوچستان نے مزید کہا کہ تمام محکموں کے وزراء کی کارکردگی مسائل کے حل کیلئے قابل ستائش ہے لوگوں کی امیدیں ہم سے وابستہ ہیں انہیں مایوس نہیں کریں گے ہماری کوشش ہے کہ عوام کے مسائل حل ہوں اور دہشت گردی کی روک تھام کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائینگے۔