غیر قانونی انسانی سمگلنگ کیخلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع

جمعہ 16 فروری 2018 16:10

لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 فروری2018ء) مسلم لیگ (ن) کی رکن پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ نے غیر قانونی انسانی سمگلنگ کیخلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرادی، قرار داد میں کہا گیا ہے کہ لاہور سمیت صوبہ بھر میں انسانی سمگلنگ کرنے والے گروہ سرگرم ہیں، جو اب تک ہزاروں افراد کو غیر قانونی طور پر بیرون ملک بھیج چکے ہیں، انہوں نے مزید موقف اختیار کیا کہ گجرات، چکوال، ٹیکسلا اور منڈی بہائو الدین میں انسانی سمگلنگ کرنے والے گروہ سر گرم ہیں، جو اب تک ہزاروں لوگوں کو غیر قانونی طریقے سے بیرون ملک بھیج چکے ہیں، بیرون ملک جانے کے خواب سجانے والوں میں اکثر مختلف ممالک کی جیلوں میں قید ہیں یا راستے میں ہی موت کے شکار ہو چکے ہیں، یہ گروہ سادہ لوح شہریوں کو یورپ اور امریکہ کے سہانے خواب دیکھا کر لاکھوں روپے بٹور لیتے ہیں، لہذا یہ ایوان حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ غیر قانونی طور پر انسانی سمگلنگ کرنے والے گروہوں کیخلاف سخت آپریشن کیا جائے اور جو غریب شہری ان کا شکار بن چکے ہیں ان کے نقصان کا ازالہ کیا جائے۔