Live Updates

مفرور رائو انوار کو ایک خط پر مرضی کا ریلیف دیدیا گیا ،نواز شریف کو اپنی اہلیہ کی عیادت کیلئے جانے سے روکا جارہا ہے ‘ رانا ثناء اللہ

نواز شریف کو ملک کے عوام نے تین مرتبہ وزیر اعظم منتخب کیا ،نام ای سی ایل میں ڈالا گیا تو دنیا میں پاکستان کی کیا عزت رہ جائیگی پنجاب کے دیہی علاقوں سے عمران خان کو ووٹ ملنا ناممکن ،لودھراں جیت نواز شریف کے بیانیے کی جیت ہے‘ پنجاب اسمبلی کے احاطہ میں میڈیا سے گفتگو

جمعہ 16 فروری 2018 18:08

مفرور رائو انوار کو ایک خط پر مرضی کا ریلیف دیدیا گیا ،نواز شریف کو ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 فروری2018ء) صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی امور رانا ثنا اللہ خان نے کہا ہے کہ رائو انوار جس پر ساڑھے چار سو افراد کے قتل کا الزام ہے اسے ایک خط پر اسکی مرضی کا ریلیف دیدیا گیا جبکہ نواز شریف کو اپنی اہلیہ کی عیادت کیلئے جانے سے روکا جارہا ہے ،نواز شریف کو اس ملک کے عوام نے تین مرتبہ وزیر اعظم منتخب کیا اگر ان جیسی شخصیت کا نام ای سی ایل میں ڈالا گیا تو دنیا میں پاکستان کی کیا عزت رہ جائے گی ،کیا صر ف چند ہزار لوگ قابل احترام ہیں باقی 21کروڑ لوگ چور ہیں،پنجاب کے دیہی علاقوں سے عمران خان کو ووٹ مل جائے یہ ناممکن ہے ،لودھراں جیت نواز شریف کے بیانیے کی جیت ہے۔

پنجاب اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ خان نے کہا کہ چیف جسٹس نے فرمایا تھا ہر گائوں میں ایک بابا رحمت ہوتا ہے اور جب بابا رحمت بات کرتا ہے تو بات پورے گائوں میں پھیل جاتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ ترقی مسلم لیگ (ن)کا ایجنڈا ہے اور وزیراعلی پنجاب ڈویلپمنٹ ایجنڈے کے کپتان ہیں ۔نواز شریف عوام کے ووٹ کا تقدس چاہتے ہیں، پاکستان کی عدلیہ اور ادارے ہمارے لیے باعث عزت ہیں، عدالتی نوٹس کی طرح عوامی نوٹس بھی ہوتا ہے اور جب عوامی نوٹس پر کارروائی ہوتی ہے تو پھر مہلت نہیں ملتی۔

انہوں نے کہا کہ رائو انوار پر ساڑھے 4 سو لوگوں کے قتل کا الزام ہے، را ئوانوار کو مفروری کی حالت میں لکھے گئے خط پر مرضی کا ریلیف دیا جاتا ہے اور اس کا انتظار بھی کیا گیا ، اس کے برعکس نواز شریف جو عدالتوں میں پیش ہوتے ہیں، انہیں اپنی اہلیہ کی عیادت کے لیے جانے کی اجازت دینے سے انکار کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو ناقابل تسخیر بنانا نواز شریف کا جرم ہے، نواز شریف کو 3 بار عوام نے منتخب کیا جبکہ آج بھارت پاکستان کو چھیڑنے سے ڈرتا ہے اس کی وجہ نواز شریف ہیں۔

رانا ثنااللہ نے کہا کہ چند ہزار لوگ باعث عزت ہیں، یہ نظریہ غلط ہے، عزت لینے کے لیے عزت دینا پڑتی ہے جبکہ ہم نے ثابت کیا کہ ہم عزت کے محافظ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ الیکشن 2018ء صاف اور شفاف اور بروقت ہونے چاہئیں جبکہ چیف جسٹس پاکستان نے قوم کو امید دلائی ہے کہ الیکشن شفاف ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ لوگ نواز شریف کے سیاسی ورکر ہیں روکا گیا تو سیاسی غلام بن جائیں گے۔

لودھراں الیکشن میں نوازشریف کا بیانیہ ووٹ کے تقدس کا عمل دخل ہے ،عمران خان کے ذاتی رویہ پی ٹی آئی کی ناکامی کا سبب بنا۔نوازشریف کے ساتھ قومی مجرم کے طور پر سلوک کیاجارہا ہے ۔نوازشریف کو سربراہی سے روکا جائے گا تو اسکی سربراہی لوگوں کے دلوں پر ثبت ہوجائے گی ،نوازشریف کو سربراہی سے روکا گیا تو لوگوں کو جذبات میں مبتلا کردیا جائے گا ،اس طرح سیاسی لیڈر شپ کو ختم نہیں کیا جاسکتا ۔

انہوں نے کہاکہ سینیٹ کے انتخابات میں چودھری سرور کی حمایت کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔نوازشریف اداروں کا احترام کرنے والے سیاستدان ہیںنوازشریف کو کس طرح سے گھمایا جارہا ہے پی سی او کے جج جنہوں نے حلف اٹھایا ہے اسکا ریکارڈ موجود ہے پنڈورا بکس نہیں کھلنا چاہیے ۔یآرٹیکل 62ایف میں ایک ترمیم کرنی ہے اگر عوام کو قبول ہو گی تو کر لیں گے ۔شہباز شریف کے وزیر اعظم بننے کی خواہش والی جو میں بات کی تھی چیف صاحب نے میرے خیال کا لفظ استعمال کیا تھا اور میں خواہش کا خیال خام اور خیال یقین میں فرق ہوتا ہے چیف جسٹس کا خیال خام نہیں یقین ہی ہوتا ہے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات