احسان الله احسان کا معاملہ قانون کے مطابق نمٹایا جائے گا ،ْسینٹ میں وقفہ سوالات

اسلام آباد میں دودھ دینے والے جانوروں کو مضر صحت انجیکشن نہیں لگائے جاتے ،ْ طلال چوہدری فاٹا میں دہشتگردی میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کو خیبر پختونخوا کے برابر معاوضوں کی ادائیگی کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں ،ْعبد القادربلوچ فاٹا میں 10 سال تک 100 ارب روپے سالانہ خرچ کئے جائیں گے ،ْ وفاقی وزیر سرحدی امور کا سینٹ میں اظہار خیال لیبیا میں کشتی کے حادثہ میں جاں بحق ہونے والے افراد قانونی طور پر گئے تھے ،ْطلال چوہدر ی کا وقفہ سوالات کے دور ا ن جواب فرنٹیئر کور کے عملے کو جنہوں نے ضرب عضب میں حصہ لیا، باقی فورسز کے برابر مراعات اور معاوضہ دیا جائے گا ،ْ سینٹ میں آگاہی وقفہ سوالات کے دوران سوال کرنے والے ارکان کے موجود نہ ہونے کے باعث کئی سوالات ایجنڈے پر نہ آ سکے

جمعہ 16 فروری 2018 15:33

احسان الله احسان کا معاملہ قانون کے مطابق نمٹایا جائے گا ،ْسینٹ میں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 فروری2018ء) سینٹ کو بتایاگیا ہے کہ احسان الله احسان کا معاملہ قانون کے مطابق نمٹایا جائے گا ،ْ متعلقہ ادارے اس حوالے سے فیصلہ کر چکے ہیں تاہم وزارت دفاع ہی بہتر جواب دے سکتی ہے ،ْاسلام آباد میں دودھ دینے والے جانوروں کو مضر صحت انجیکشن نہیں لگائے جاتے ۔ جمعہ کو وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر فرحت الله بابر کے سوال کے جواب میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ تحریک طالبان پاکستان اور جماعت الاحرار کے ترجمان احسان الله احسان کا معاملہ قانون کے مطابق نمٹایا جائیگا ،ْمتعلقہ ادارہ اس حوالے سے فیصلہ کر چکا ہے تاہم اس حوالے سے وزارت دفاع ہی بہتر جواب دے سکتی ہے۔

اس ایوان کا حق ہے کہ اسے درست معلومات فراہم کی جائیں ،ْپشاور ہائی کورٹ نے آرمی پبلک سکول میں شہید ہونے والے صاحبزادہ عمر خان کے والد کی درخواست پر مجاز حکام کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ عدالتی احکامات اور مناسب تفتیش کے بغیر احسان الله احسان کو رہا نہ کریں۔

(جاری ہے)

صوبوں کے محکمہ جات برائے داخلہ سے مقدمہ اور سفارشات موصول ہونے پر احسان الله احسان کا مقدمہ وزارت داخلہ کی تشکیل کردہ کمیٹی کے سامنے پیش کیا جائیگا ،ْ مذکورہ کمیٹی کی منظوری ملنے کی صورت میں مقدمہ فوجی عدالتوں کے سپرد کیا جائے گا۔

ارکان کے ضمنی سوالات پر انہوں نے کہا کہ نو ماہ تک اس سوال کا جواب موخر نہیں ہونا چاہئے تھا اس حوالے سے وہ معذرت کرتے ہیں ،ْدہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب کو مل کر اپنا کام کرنا ہے۔سینیٹر فرحت الله بابر کے سوال کے جواب میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے بتایا کہ اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری میں ڈیری فارمز مالکان اضافی دودھ نکالنے کے لئے جو بوسٹن اور سومائیک ممنوعہ انجیکشن لگاتے تھے ان پر حکومت کی طرف سے پابندی عائد کر دی گئی ہے اور یہ مارکیٹ میں دستیاب نہیں ،ْ سپریم کورٹ نے بھی اس حوالے سے فیصلہ دیا تھا ،ْ جانوروں کو جو مضر صحت انجیکشن لگائے جاتے ہیں ان کے حوالے سے آگاہی مہم چلائی جا رہی ہے۔

اجلاس کے دور ان ایوان بالا میں وقفہ سوالات کے دوران سوال کرنے والے ارکان کے موجود نہ ہونے کے باعث کئی سوالات ایجنڈے پر نہ آ سکے۔ صدر نشین کرنل (ر) سید طاہر حسین مشہدی نے کہا کہ ایوان میں کئی وزراء کی موجودگی قابل تعریف ہے البتہ سوالات کرنے والے ارکان نہ کل تھے اور نہ آج آئے ہیں۔اجلاس کے دور ان وفاقی وزیر برائے ریاستیں و سرحدی علاقہ جات لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے بتایا کہ سال 2013-14ء میں فاٹا میں گزشتہ چار سالوں کے دوران 709 افراد دہشت گردی کے حملوں میں جان سے گئے۔

1144 زخمی ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ دہشت گرد حملوں میں جاں بحق ہونے والوں کے ورثاء کو فاٹا میں تین لاکھ اور خیبر پختونخوا میں 5 لاکھ روپے دیئے جاتے ہیں۔ اس حوالے سے فاٹا کو خیبر پختونخوا کے برابر لانے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ سینیٹر سراج الحق کے سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ جن گھرانوں کے تمام مرد دہشت گرد حملوں میں جاں بحق ہو گئے ان کا مسئلہ بہت اہم ہے۔

ایسے گھرانوں کی کفالت اور فلاح و بہبود کے لئے ریاست اپنی ذمہ داری ادا کرے گی۔ اگر ایسے کوئی کیسز ہیں تو حکومت کے علم میں لائے جائیں۔وفاقی وزیر ریاستیں و سرحدی امور لیفٹیننٹ جنرل عبدالقادر نے بتایا کہ فاٹا میں تباہ شدہ گھر کے لئے چار لاکھ روپے اور جزوی تباہ گھر کے لئے ایک لاکھ 60 ہزار روپے دیئے جاتے ہیں۔ تباہ شدہ گھروں کی تعمیر اور بحالی کے لئے کوئی ادارہ بنانے کے لئے غور اور مشاورت کی جا سکتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ تباہ شدہ املاک اور ان کے مالکان کو ادائیگی کے لئے 13341 ملین روپے کی رقم دی گئی تھی اس میں سے 12350 ملین روپے پولیٹیکل انتظامیہ کو جاری کئے گئے تھے جس میں سے 10708 ملین روپے ایک سروے کے بعد حقداروں میں بانٹ دیئے گئے۔ فاٹا کئی لحاظ سے ملک کے دیگر حصوں سے پسماندہ ہے۔ فاٹا میں 10 سال تک 100 ارب روپے سالانہ خرچ کئے جائیں گے تاکہ فاٹا کو دوسرے صوبوں کے برابر لایا جا سکے۔

اجلاس کے دور ان وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے بتایا کہ 2015ء سے 2017ء کے دوران 90 ہزار 838 پاکستانیوں کو مختلف ممالک سے بے دخل کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ لوگوں کو غیر قانونی طور پر بیرون ملک بھیجنے والے انسانی سمگلروں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔ 2015ء سے 2017ء کے دوران تین ہزار 944 بے دخل افراد اور ایجنٹس کے خلاف مقدمات درج کئے گئے جبکہ 6 ہزار 594 افراد کو گرفتار کیا گیا ان میں سے پانچ ہزار 293 کو سزا ہوئی۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ تین سالوں کے دوران انسانی سمگلنگ کے حوالے سے 3388 افراد کو گرفتار کیا گیا جن میں سے 2259 کا تعلق پنجاب سے، 1045 کا تعلق اسلام آباد، 77 کا تعلق کے پی کے، پانچ کا تعلق سندھ اور دو کا تعلق بلوچستان سے ہے۔ انہوں نے بتایا کہ لیبیا میں کشتی کے حادثہ میں جاں بحق ہونے والے پاکستانی قانونی طور پر گئے تھے۔ ایف آئی اے غیر قانونی طور پر بیرون ملک جانے اور ان افراد کو بھجوانے والے ایجنٹوں کے خلاف متحرک ہے۔

اجلا س کے دور ان وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ فرنٹیئر کور کے عملے کو جنہوں نے ضرب عضب میں حصہ لیا، باقی فورسز کے برابر مراعات اور معاوضہ دیا جائے گا۔ سینیٹر ہدایت الله کے توجہ مبذول نوٹس کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے سمری وزیراعظم کو بھجوا دی گئی ہے۔ ایف سی کو پاک فوج کے برابر معاوضہ دیا جائے گا۔

اجلاس کے دور ان ایوان نے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ترمیمی) آرڈیننس 2018ء پیش کرنے کی اجازت نہیں دی۔ وزیر مملکت برائے کیڈ نے یہ آرڈیننس ایوان میں پیش کرنا تھا۔ چیئرمین نے آرڈیننس پیش کرنے میں تاخیر کے حوالے سے ان کا موقف سنا جس کے بعد چیئرمین نے کہا کہ ایوان اس حوالے سے فیصلہ کرے گا۔ انہوں نے ایوان سے رائے حاصل کی۔ 12 ارکان نے آرڈیننس پیش کرنے جبکہ 17 نے آرڈیننس پیش نہ کرنے کی رائے دی جس پر یہ آرڈیننس پیش نہ کیا جا سکے۔بعد ازاں سینٹ کا اجلاس پیر کی سہ پہر تین بجے تک ملتو ی کر دیا گیا ۔