مقبوضہ کشمیر، سیّد علی گیلانی کا سینٹرل جیل سرینگر میں نظربند کشمیریوںکی حالت زار پر اظہار تشویش

جمعہ 16 فروری 2018 14:10

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 فروری2018ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سیّد علی گیلانی نے سینٹرل جیل سرینگر میں نظر بند کشمیریوں کی حالت زار پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نظر بندوں کی زندگیوں سے جان بوجھ کر کھلواڑ کیا جارہا ہے ۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگرمیں جاری ایک بیان میں کہا کہ طبی اور دیگر بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث نظر بند مختلف امراض کا شکار ہو چکے ہیں۔

انہوں نے کہا غیر قانونی طور پر نظر بند حریت رہنما عبدالاحد پرہ ایک ایسے مرض میں مبتلا ہیں جس کا آپریشن کے ذریعے ہی علاج ہوسکتا ہے لیکن جیل انتظامیہ نے انہیں طبی سے مسلسل محرو م رکھا ہے۔ سیّد علی گیلانی نے کہا کہ اگر نظر بندوں کے ساتھ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آیا تو اسکی تمام تر ذمہ داری جیل انتظامیہ پر عائد ہو گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے حریت رہنمائوں اور کارکنوں شاہ ولی محمد، زمرودہ حبیب، مولوی بشیر عرفائی، امتیاز احمد شاہ ، عبدالرشید لون اور زاہد احمد کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اوچھے ہتھکنڈوں سے آزادی پسندوں کے حوصلے ہرگز پست نہیں کیے جاسکتے۔

دریں اثنا کل جماعتی حریت کانفرنس نے چند روز قبل نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں شہید ہونے والے حریت رہنما شہید محمد یوسف ندیم کے آبائی قصبہ سیندی پورہ بڈگام میں ایک تعزیتی اجتماع کا انعقاد کیا ، جس میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ سیّد علی گیلانی نے اجتماع سے ٹیلیفونک خطاب میں شہید محمد یوسف ندیم کو شاندار خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ شہید ایک نڈر اور بے باک حریت پسند تھے جن کی تحریک آزادی کے حوالے سے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیںگی۔

انہوںنے کہا کہ اس طرح کی بزدلانہ حرکتوں سے آزادی پسند رہنمائوں اور کارکنوں کو ہرگز مرعوب نہیں کیا جاسکتا۔تعزیتی اجتماع کی صدارت کے فرائض کل جماعتی حریت کانفرنس کے سیکرٹری جنرل غلام نبی سمجھی نے انجام دئے۔ اجتماع سے محمد شفیع ریشی، نثار حسین راتھر، حکیم عبدالرشید، سید محمد شفیع، مصیب احمد، غلام محمد ناگو، محمد یوسف نقاش، محمد یوسف بٹ ، نور محمد کلوال، غلام احمد گلزار، مختار احمد صوفی، محمد یوسف بٹ، بلال صدیقی، سید امتیاز حیدر غلام علی گلزار اور محمد علی شجاع نے بھی خطاب کیا اور مقتول رہنما کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔