مشرف کا ایم کیو ایم کی صدارت سنبھالنا ممکن نہیں، فروغ نسیم

فاروق ستار سے درخواست ہے تنازعات کو جلد سے جلد حل کریں،بانی ایم کیو ایم کے زمانے میں بھی رابطہ کمیٹی ایک ہوجائے تووہ ضد نہیں کرتے تھے، رہنماایم کیوایم

جمعہ 16 فروری 2018 14:28

مشرف کا ایم کیو ایم کی صدارت سنبھالنا ممکن نہیں، فروغ نسیم
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 فروری2018ء) ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے رکن بیرسٹر فروغ نسیم نے کہا ہے کہ پرویز مشرف کا ایم کیو ایم کی صدارت سنبھالنا ممکن نہیں ہے، جمہوری لوگوں سے موازنہ کریں تو فوجی میرٹ پر فیصلہ کرتے ہیں،فاروق ستار سے درخواست ہے تنازعات کو جلد سے جلد حل کریں،بانی ایم کیو ایم کے زمانے میں بھی رابطہ کمیٹی ایک ہوجائے تو بانی ضد نہیں کرتے تھے۔

میڈیاسے بات چیت میںفروغ نسیم نے کہاکہ فاروق ستار پارٹی کی صدارت کا کہہ رہے ہیں، مشرف خودحیران تھے کہ یہ کیا بات کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مشرف دور میں تقرریاں میرٹ پر ہوئیں، فون کے دوران میں نے ان کے دور کی تعریف کی، فاروق ستار سے میری ملاقاتیں ہوئیں جس میں انہوں نے کامران ٹیسوری سے متعلق بات چیت کی، میں نے جو کہا فاروق ستار کو کچھ لوگوں نے اور بتایا۔

(جاری ہے)

فروغ نسیم نے بتایاکہ کل فاروق ستار کا فون آیا انہیں کہاہے کہ اکیلے آکر رابطہ کمیٹی کے ساتھ بیٹھ جائیں، جس پر انہوں نے کہا کہ فون پر بتائوں گا لیکن ابھی تک کوئی فون نہیں آیا، فاروق ستار سے درخواست ہے تنازعات کو جلد سے جلد حل کریں۔انہوں نے کہا کہ بانی ایم کیو ایم کے زمانے میں بھی رابطہ کمیٹی ایک ہوجائے تو بانی ضد نہیں کرتے تھے، عشرت العباد سے پوچھ لیں جن معاملات پر رابطہ کمیٹی ایک ہوجائے تو کسی کی نہیں چلتی تھی، پارٹی میں عہدہ لینے کی آفر کی گئی لیکن مجھے نہیں لینا۔انہوں نے کہاکہ فاروق ستار کے لیے ڈرافٹنگ 10 سال سے کر رہا ہوں، ڈرافٹنگ کروانے والوں میں صرف فاروق بھائی نہیں اور بھی لوگ موجود تھے۔