فاٹا میں دہشت گردی میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کو خیبر پختونخوا کے برابر معاوضوں کی ادائیگی کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں

وفاقی وزیر ریاستیں و سرحدی امور لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ کا ایوان بالا میں جواب

جمعہ 16 فروری 2018 12:55

فاٹا میں دہشت گردی میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کو خیبر پختونخوا ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 فروری2018ء) وفاقی وزیر ریاستیں و سرحدی امور لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے کہا ہے کہ فاٹا میں دہشت گردی میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کو خیبر پختونخوا کے برابر معاوضوں کی ادائیگی کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

جمعہ کو ایوان بالا کے اجلاس کے دوران سینیٹر احمد حسن کے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر برائے ریاستیں و سرحدی علاقہ جات لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے بتایا کہ سال 2013-14ء میں فاٹا میں گزشتہ چار سالوں کے دوران 709 افراد دہشت گردی کے حملوں میں جان سے گئے۔

1144 زخمی ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ دہشت گرد حملوں میں جاں بحق ہونے والوں کے ورثاء کو فاٹا میں تین لاکھ اور خیبر پختونخوا میں 5 لاکھ روپے دیئے جاتے ہیں۔ اس حوالے سے فاٹا کو خیبر پختونخوا کے برابر لانے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ سینیٹر سراج الحق کے سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ جن گھرانوں کے تمام مرد دہشت گرد حملوں میں جاں بحق ہو گئے ان کا مسئلہ بہت اہم ہے۔ ایسے گھرانوں کی کفالت اور فلاح و بہبود کے لئے ریاست اپنی ذمہ داری ادا کرے گی۔ اگر ایسے کوئی کیسز ہیں تو حکومت کے علم میں لائے جائیں۔