پشاور ہائی کورٹ فیصلہ دے چکی ہے،احسان الله احسان کا معاملہ قانون کے مطابق نمٹایا جائے گا، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری

جمعہ 16 فروری 2018 12:55

پشاور ہائی کورٹ فیصلہ دے چکی ہے،احسان الله احسان کا معاملہ قانون کے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 فروری2018ء) وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ احسان الله احسان کا معاملہ قانون کے مطابق نمٹایا جائے گا۔ پشاور ہائی کورٹ بھی اس حوالے سے فیصلہ دے چکی ہے۔ جمعہ کو ایوان بالا کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر فرحت الله بابر کے سوال کے جواب میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ تحریک طالبان پاکستان اور جماعت الاحرار کے ترجمان احسان الله احسان کا معاملہ قانون کے مطابق نمٹایا جائے گا۔

متعلقہ ادارہ اس حوالے سے فیصلہ کر چکا ہے تاہم اس حوالے سے وزارت دفاع ہی بہتر جواب دے سکتی ہے۔ اس ایوان کا حق ہے کہ اسے درست معلومات فراہم کی جائیں۔ پشاور ہائی کورٹ نے آرمی پبلک سکول میں شہید ہونے والے صاحبزادہ عمر خان کے والد کی درخواست پر مجاز حکام کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ عدالتی احکامات اور مناسب تفتیش کے بغیر احسان الله احسان کو رہا نہ کریں۔

(جاری ہے)

صوبوں کے محکمہ جات برائے داخلہ سے مقدمہ اور سفارشات موصول ہونے پر احسان الله احسان کا مقدمہ وزارت داخلہ کی تشکیل کردہ کمیٹی کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ مذکورہ کمیٹی کی منظوری ملنے کی صورت میں مقدمہ فوجی عدالتوں کے سپرد کیا جائے گا۔ ارکان کے ضمنی سوالات پر انہوں نے کہا کہ نو ماہ تک اس سوال کا جواب موخر نہیں ہونا چاہئے تھا۔ اس حوالے سے وہ معذرت کرتے ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب کو مل کر اپنا کام کرنا ہے۔

متعلقہ عنوان :