متحدہ عرب امارات کے سلیمان الفہیم کو بیوی کے 50 لاکھ پاؤنڈ چرا کر فٹ بال کلب خریدنے کے جرم میں5 سال قید کی سزا

جمعہ 16 فروری 2018 10:40

متحدہ عرب امارات کے سلیمان الفہیم کو بیوی کے 50 لاکھ پاؤنڈ چرا کر فٹ ..
دبئی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 فروری2018ء) متحدہ عرب امارات میں انگلش فٹ بال کلب پورٹ سمتھ کے سابق مالک سلیمان الفہیم کو بیوی کے 50 لاکھ برطانوی پاؤنڈ چرا کر فٹ بال کلب خریدنے کے جرم میں5 سال قید کی سزا سنادی گئی۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق سلیمان الفہیم 2009ء میں چھ ہفتوں تک اس کلب کے مالک رہے تھے۔سلیمان الفہیم نے مانچسٹر سٹی کلب خریدنے کے لیے ابوظہبی کے یونائیٹڈ گروپ کے ساتھ معاہدے کی کوششیں بھی کی تھیں اور انھیں جعلسازی اور جعلی دستاویزات کے استعمال کا مجرم قرار دیا گیا ہے۔

سلیمان الفہیم اور ان کے ایک ساتھی پر پورٹ سمتھ کلب چوری کے پیسوں سے خریدنے کا جرم ثابت ہوا ہے جسے انھوں نے جلد ہی علی الفرج کو فروخت کر دیا تھا۔اس مقدمے کی سماعت کے موقع پر 42 سالہ سلیمان الفہیم عدالت میں موجود نہیں تھے اور ان کی غیرحاضری میں یہ فیصلہ سنایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

استغاثہ کا کہنا تھا کہ سلیمان الفہیم کی بیوی کو جب معلوم ہوا کہ جو اکاؤنٹ انھوں نے 2009ء میں کھلوایا تھا اس میں متوقع منافع کی شرح کے مطابق ملنے والی رقم اکاؤنٹ سے رقم غائب تھی۔

اس کے بعد انھوں نے بینک کے قانونی شعبے سے رابطہ کیا لیکن جب انھوں نے بھی کوئی کارروائی نہیں کی تو انھوں نے اس بارے میں پولیس کو مطلع کیا۔دبئی کریمنل کورٹ نے بینک مینیجر کو بھی چوری، سرکاری دستاویزات میں جعلسازی اور جعلی دستاویزات کے استعمال کا مجرم ٹھہرایا ہے۔ بینک مینیجر کو بھی پانچ سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :