پاکستان اور افغانستان کی حکومتیں باہمی معاملات میں بھارت یا کسی بھی تیسرے فریق کو بندر بانٹ کا کردار اد کرنیکا موقع نہ دیں،امیر جماعت

اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان

جمعرات 15 فروری 2018 22:37

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 فروری2018ء) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کی حکومتیں باہمی معاملات میں بھارت یا کسی بھی تیسرے فریق کو بندر بانٹ کا کردار اد کرنے کا موقع نہ دیں ،وفاقی حکومت افغانستان کیساتھ تجارتی سرگرمیوں میں فروغ کیلئے کر دار ادا کر ے ،اس سے ہمارے نوجوانوں کوروز گار بھی ملے ،پاکستان کے امن سے افغانستان اور افغانستان کے امن سے پاکستان کا مفاد پیوست ہے ،افغانستان اور پاکستان کا دکھ سکھ ایک ہے ،بھائیوں کے معاملات میں باہمی تعاون، ہمدردی اور محبت سے حل ہو اکرتے ہیں کوئی تیسرا اس میں اپنی دکانداری چمکانے کی کوشش نہ کرے ورنہ افغانستان اور پاکستان کے ہاتھوں منہ کی کھائے گا ،افغانستان اور پاکستان کی حکومتیں باہمی امن و تجارت کے مسائل جلد از جلد حل کرنے کی کوشش کریں دونوں کا حال، مستقبل اورباہمی مفاد ایک ہے ہر دو بھائیوں کو ایک دوسرے کا ہم راز اور یکجان ہو نا ضروری ہے افغان اور پاکستانی حکومتیں اس حقیقت کا اچھی طرح ازبر کر لیں کہ دکھ ایک کو ہو گا تو درد دوسرے کو ہو گا عوام کا پیسہ اور تجارت سرحدی معاملات کی نذر نہ ہونے دیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان نے سرحد چیمبر آف کامرس کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔وفدکی قیادت سرحد چیمبر آف کامرس کے صدر زاہد خان شنواری کر رہے تھے اس موقع پر صوبائی جنرل سیکرٹری عبدالواسع ، مشیر امیر جماعت اسلامی پاکستان اور سابق صوبائی وزیر شاہراز خان اور سرحد چیمبر آف کامرس کے سابق صدر حاجی افضل خان اور جماعت اسلامی فاٹا کے رہنما حسن خان شینواری بھی موجود تھے وفد نے ملاقات کے دوران صوبائی امیر مشتاق احمد خان کو صوبہ کے بالخصوص تجارتی اور انڈسٹریل سیکٹر کے مسائل سے تفصیل سے آگاہ کیا امریکہ اور بھارت سمیت تمام دنیا یہ بات جانتی ہے کہ اس خطہ کے امن اور بد امنی کے اثرات تمام دنیا پر پڑتے ہیں یہاں کا امن امریکی اقدامات کی وجہ سے بد امنی کا شکار ہے امریکہ اس خطہ سے فی الفور اپنی فوجیں واپس بلائے اور دنیا کے ہر انسان کا حق ِ امن و ترقی تسلیم کرے اور خود بھی جیے اور دوسروں کو بھی جینے دے۔

امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا نے کہا کہ تما م پاکستان اور خیبر پختونخوا اور فاٹا بالخصوص اللہ تعالیٰ کے عطا کردہ قدرتی خزانوں بجلی ، پانی ، ٹورازم سائیٹس، معدنیات اور نوجوان افرادی قوت سے مالامال ہے مگر ستّر سال سے ملک پر مسلط امریکی ایجنٹوںجو لیڈروں کے نام پر دراصل ڈیلر ہیں اور انکی نالائق نسلوں نے لوٹ مار کا بازار گرم کر رکھا ہے جن کی وجہ سے معیشت و معاشرت سمیت ہر چیز کو تباہی کا خطرہ درپیش ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اب عوام کی ذمہ داری ہے کہ 2018 ؁ء کے عام انتخابات میں دہائیوں سے آزمودہ امانت و صداقت اور خدمت و قربانی کی روشن تاریخ رکھنے والی قیادت کو منتخب کر کے اس سال کو ستّر سال سے ملک پر مسلط لٹیروں اور ان کی نالائق نسلوں عبرت کا نشان بنا دیں صوبہ خیبر پختونخوا اس قدر زیادہ قدرتی وسائل سے مالا مال ہے کہ تنہا یہ صوبہ بھی پورے پاکستان کو عرب و عجم کیلئے باعث ِ رشک و فخر بنا سکتاہے اور پاکستان اور افغانستان پوری دنیا کے لئے امن ، خوشحالی اور مکمل تحفظ کی ضمانت بن سکتے ہیں اس وقت سینیٹ انتخابات میں بھی ہارس اور ڈنکی ٹریڈنگ کیلئے بولیاں لگ رہی ہیں جماعت اسلامی کرپشن کی اس نئی چال کیخلاف میدان میں ہے اور اس کو روکنے کیلئے ہر ذریعہ استعمال کرے گی جو شخص ڈرٹی انویسٹمنٹ کے ذریعہ قانون کے ایوانوں میں پہنچے گا اس شخص کو ملک و قوم کی آبرو اور جان ومال کا سودا کرنے سے کوئی قانون کو ئی قوت نہیں روک سکتی قانون ایسے فرد کیلئے موم کی ناک ہے اس کا حق صرف اور صرف تاحیات نا اہلی اور عمر قید ہے پاکستان اور خیبر پختونخوا کے عوام بیدار ہیں اور وہ آزمودہ کرپٹ لٹیروں اور ان کی نسلوںکو نشان عبرت بنا دیں گے اور 2018 ؁ء کے عام انتخابات کو نہ صرف پاکستان اور افغانستان بلکہ پورے خطہ کیلئے امن و خوشحالی کی تازہ بہاروں صبح میں بدل دیں گے ۔

سرحد چیمبر آف کامرس کے وفد نے صوبائی امیر جماعت اسلامی مشتاق احمد خان کو آئندہ ماہ صوبائی تجارتی کانفرنس میں شرکت کی دعوت بھی دی جو انہوں نے شرکت کی یقین دہانی اور شکریہ کے ساتھ قبول کر لی۔