انجینئرزملک کی تعمیر وترقی کے ضامن ہیں ، تعلیمی نصاب کووقت کے تقاضوں سے ہم آہنگ بنانا جائے ،گورنرخیبرپختونخوا

جمعرات 15 فروری 2018 22:37

انجینئرزملک کی تعمیر وترقی کے ضامن ہیں ، تعلیمی نصاب کووقت کے تقاضوں ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 فروری2018ء)گورنرخیبرپختونخوا انجینئراقبال ظفرجھگڑا نے کہاہے کہ انجینئرزملک کی تعمیر وترقی میں اہم کردار کے حامل اورپیشہ وارانہ صلاحیتوں اورذمہ داریوں کے باعث ملک کی ترقی کے ضامن ہیں اورصوبے کے انجینئرز نے اپنی محنت،قابلیت اور صلاحیتوں کی بنیاد پر نمایاں کامیابیاں حاصل کیں ہیں۔ان خیالات کااظہار گورنر نے جمعرات کے روز انجینئرز ڈے کے موقع پر گورنرہاوس پشاورمیں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں چیئرمین،پاکستان انجینئرنگ کونسل انجینئر جاویدسلیم قریشی، وائس چیئرمین پاکستان انجینئرنگ کونسل انجینئرزاہدعارف، انجینئر ڈاکٹرذکاء اللہ اوربڑی تعداد میں انجینئرز نے شرکت کی۔گورنر نے اس موقع پر بہترین کاکردگی دکھا نے والے انجینئرزکوایوارڈ دیے اورانہیں مبارکباد بھی دی۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ پاکستان انجینئرنگ کونسل نے ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا ہے اور کونسل نے انجینئرنگ کے ہرشعبہ میں ٹھوس اقدامات اٹھائے ہیں۔

انہوں نے توقع ظاہر کی کہ یہ ادارہ اسی تند ہی سے کام کرتے ہوئے مزید کامیابیوں سے ہمکنار ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ترقی اورجدید تکنیکی تقاضوں کومدنظر رکھتے ہوئے یہ دور انجینئرنگ کی تعلیم پر خصوصی توجہ کا متقاضی ہے،درس گاہوں میں تعلیمی نصاب کووقت کے تقاضوں سے ہم آہنگ بنانا بھی ایک بڑی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے اس موقع پر انجینئرزکودرپیش مسائل کے حل کیلئے اپنی جانب سے بھرپور تعاون کا یقین بھی دلایا۔تقریب سے چیئرمین پاکستان انجینئرنگ کونسل جاویدسلیم قریشی نے بھی خطاب کیا اورانجینئرزڈے کے حوالے سے تقریب منعقد کرنے پر گورنر کا شکریہ ادا کیا۔