وزیراعظم عباسی کی گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کونسل کے اختیارات منتخب نمائندوں کو دینے سے متعلق تجاویز کی اصولی منظوری

سفارشات تیار کر کے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت شاہد خاقان عباسی نے وزیراعظم آزادکشمیر کی تفصیلی بریفنگ کے بعد آزادجموں وکشمیر کونسل کے اختیارات کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ، معاملہ حتمی منظوری کے لئے وفاقی کابینہ کو بھجوایا جائیگا

جمعرات 15 فروری 2018 22:36

وزیراعظم عباسی کی گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کونسل کے اختیارات منتخب ..
اسلام آباد/مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 فروری2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے گلگت بلتستان اور آزاد جموں وکشمیر کونسل کے اختیارات منتخب نمائندوں کو دینے سے متعلق تجاویز کی اصولی منظوری دیدی ہے اور اس حوالے سے سفارشات تیار کر کے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ تفصیلا ت کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے جمعرات کو وفاقی وزیر امور کشمیر برجیس طاہر ، وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان کی قیادت میں اعلی سطحی وفد ،وزیر اعظم کے مشیر اقتصادی امور سرتاج عزیز ، وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمان اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی جس میں گلگت بلتستان اور کشمیر کونسل کے اختیارات منتخب نمائندوں کو دینے کی اصولی طور پر منطوری دی گئی ۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں وزیراعظم نے سیکرٹری امور کشمیر کو ہدایت کی کہ وہ تجاویز تیار کر کے کابینہ کے آئند ہ اجلاس میں پیش کریں ۔ جبکہ وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان کی قیادت میں اعلی سطحی وفد کی وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کے دوران ایکٹ 1974میں ترامیم،کشمیر کونسل کے اختیارات محدود کرنے پر اتفاق کیا وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان کی سربراہی میں ایک اعلی سطحی وفد جسمیں وزیر قانون راجہ نثار احمد خان، وزیر خزانہ ڈاکٹر نجیب نقی خان ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنرل ،ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات شامل تھے نے وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔

اس موقع پر وفاقی وزیر قانون وزیر امور کشمیر، سیکرٹری امور کشمیر، پرنسل سٹاف آفیسر ہمراہ وزیراعظم پاکستان بھی موجود تھے۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان کی جانب سے تفصیلی بریفنگ کے بعد آزادجموں وکشمیر کونسل کے اختیارات کو ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا ۔وزیراعظم پاکستان نے وزیراعظم آزادکشمیر سے ملاقات میں آزادجموں وکشمیر کونسل کے اختیارات کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ، معاملہ باضابطہ منظوری کے لئے وفاقی کابینہ کو بھیجا جائیگا ،جس کے بعد اس کا اعلان آئندہ چند روز تک متوقع ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان دوران اپوزیشن ،اقتدار میں آنے کے بعد کشمیر کونسل کے اختیارات کو ختم کرنے کا کئی بار اعلان کر چکے تھے۔وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے اس حد تک بھی کوشش کی تھی کہ آزادکشمیر سے ٹیکس جمع کرنے والے محکمہ ان لینڈ ریونیو سمیت دیگر چند شعبہ جات کو آزادکشمیر حکومت کے حوالے کیا جائے ۔

ذرائع کے مطابق میاں نواز شریف کے دورہ مظفرآباد کے دوران فاروق حیدر خان سے ون ٹو ون ملاقات میں طے ہونے والے معاملہ کو حتمی شکل دی جانے لگی ہے ۔ کشمیر کونسل کے 56سبجیٹکس جن کی قانون سازی اور انتظامی اختیارات کونسل کے پاس ہیں۔ یہ آزاد حکومت کو تفویض کرنے پر اتفاق کیاگیا ہے ۔وزیراعظم پاکستان سے منظوری کے بعد معاملہ آزاد کشمیر کابینہ،اسمبلی سے منظوری کے بعد قانون سازی کیلئے کونسل اور اسمبلی کے مشترکہ اجلاس میں پیش ہو گا۔

قانون سازی کا فیصلہ مشترکہ اجلاس میں ہو گا۔قانون سازی کے بعد کونسل صرف کوآرڈینیشن کی حد تک محدود ہو جائے گا۔انتظامی اختیارات آزاد حکومت تفویض ہونے کی صورت میں ممبران کونسل کے حالیہ اختیاری/صوابدیدی ترقیاتی فنڈز/بجٹ ختم ہو جائیگا تاہم وفاقی اور آزاد حکومت ان ممبران کو گرانٹ دے گی۔

متعلقہ عنوان :