قومی خوشحالی میں نوجوانوں کی بھرپور شمولیت کے بغیر خوشحالی و ترقی کے اہداف کا حصول ناممکن ہے، گورنر سندھ

اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوانوں کو تربیت اور کاروبار کے لئے رہنمائی کی فراہمی سے قومی ترقی و سماجی خوشحالی کے ساتھ ساتھ دیگر افراد کے لئے بھی روزگار کے مزید مواقع حاصل کئے جا سکتے ہیں ،ملکی مفاد کو ہر لحاظ سے سب سے مقدم رکھنا ہم سب کی اولین ذمہ داری ہے ، محمد زبیر کا مومینٹم کانفرنس کے شرکائ کو دئیے گئے استقبالیہ سے خطاب

جمعرات 15 فروری 2018 22:30

قومی خوشحالی میں نوجوانوں کی بھرپور شمولیت کے بغیر خوشحالی و ترقی کے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 فروری2018ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ پاکستان کے نوجوان با صلاحیت اور محنتی ہیں ،نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم ، تربیت اور مواقعوں کی فراہمی سے معاشرہ میں انھیں ممتاز مقام دلانے سے قومی ترقی یقینی ہے اس ضمن میں حکومت نوجوانوں کو بھرپور تعاون ، مدد اور معاونت فراہم کررہی ہے ، اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوانوں کو تربیت اور کاروبار کے لئے رہنمائی کی فراہمی سے قومی ترقی و سماجی خوشحالی کے ساتھ ساتھ دیگر افراد کے لئے بھی روزگار کے مزید مواقع حاصل کئے جا سکتے ہیں۔

انہوں نے جمعرات کوگورنر ہاؤس میں دوسری مومینٹم کانفرنس میں شرکت کرنے والے ملکی و غیر ملکی شرکائ کے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب میں کیا۔

(جاری ہے)

استقبالیہ میں مومینٹم کے چیف ایگزیکٹیوآفیسر ز علیم جعفری اور عامر جعفری ، ٹرینر انعم شکیل ، ہمایوںبشیر بھی شریک تھے۔ گورنرسندھ نے مزید کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ پاکستان میں اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان ایک جگہ جمع ہو کر اپنے آئیڈیاز کا تبادلہ کررہے ہیں اور مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے کاروباری سرگرمیوں میں حصہ لینے کے لئے بھی بھرپور کوششوں میں مصروف ہیں ،دنیا کی معروف کمپنیوں بنیاد اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوانوں نے ہی رکھی تھی یہ نوجوان ایک جگہ جمع ہوکر مشترکہ طور پر اپنے اپنے آئیڈیاز کا ایک دوسرے سے تبادلہ بھی کرتے تھے اور انہی آئیڈیاز کے تحت ان نوجوانوں نے بھرپور کامیابی حاصل کرکے دنیا بھر میں منفر د مقام حاصل کیا۔

انہوں نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوانوں با الخصوص بزنس گریجویٹس کو اپنا کاروبار شروع کرنے کے لئے موجودہ حکومت ہر ممکن تعاون اور مدد فراہم کرے گی تاکہ قومی ترقی میں نوجوان بھرپور طریقہ سے حصہ لے سکیں ، قومی خوشحالی میں نوجوانوں کی بھرپور شمولیت کے بغیر خوشحالی و ترقی کے اہداف کا حصول ناممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کل آبادی کا 60 فیصد نوجوانوں پر مشتمل ہے ہمیں ان نوجوانوں کو بھرپور مواقع فراہم کرکے قومی ترقی و خوشحالی کے لئے آگے لانا ہوگا ، یہ نوجوان قوم کا روشن مستقبل ہیں ، مستقبل میں انہی نوجوانوں نے ملک و قوم کی باگ دوڑ سنبھالنی ہے ،ہمیں ان نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنا ہوگی اس ضمن میں مومینٹم کی جانب سے اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوانوں کو ایک جگہ جمع کرکے انھیں عصری تقاضوں کے مطابق کاروبارشروع کرنے کے لئے معاونت فراہم کرنے سے سماجی خوشحالی ، قومی ترقی اور مستقبل کی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد مل سکتی ہے یہ ایک اچھا اور مثبت اقدام ہے۔

انہوں نے کہا کہ مالیاتی اداروں ، کارپوریشنز ، بنکوں ، صنعتوں اور معروف کاروباری گروپ کو اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوانوں کو بھرپور موقع فراہم کرنا چاہئے ، نوجوانوں کو قومی تقاضوں کے مطابق تیار کرنے سے عالمی معاشی نقشہ پر پاکستان کو نمایاں مقام دلایا جا سکتا ہے ،ملکی مفاد کو ہر لحاظ سے سب سے مقدم رکھنا ہم سب کی اولین ذمہ داری ہے اس ذمہ داری کا احساس اور قومی تڑپ وطن عزیز کو ترقی یافتہ ممالک کی فہرست میں اہم مقام دلا سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ بات نہایت خوش آئند ہے کہ پاکستان کے نوجوان اعلیٰ تعلیم یافتہ ، تجربہ کار ، محنتی اور اپنے وطن کے لئے کچھ کرنے کی لگن رکھتے ہیں ہمیں ان کے اس جذبہ کا احترام کرنا ہوگا ، نوجوانوں کو ہر سطح پر بھرپور معاونت فراہم کرنا ہم سب کی اخلاقی ذمہ داری ہے اس ضمن میں حکومت نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم ، تربیت ، روزگار اور عصرحاضر کے مطابق تیار کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات یقینی بنا رہی ہے ، جامعات کے طالب علموں کو وزیر اعظم اسکیم کے تحت لیپ ٹاپ تقسیم کئے گئے جس کے مثبت نتائج سامنے آنے پر اس کا دائرہ کار مزید بڑھا دیا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو بھرپور سہولیات سے آراستہ کیا جا سکے ، صوبہ میں جامعات نوجوانوں کو قومی تقاضوں ، ملکی ضروریاتی،عصر حاضر سے ہم آہنگ اعلیٰ تعلیم فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ انھیں تحقیق کے لئے بھرپور مواقع فراہم کررہی ہے۔

استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے مومینٹم کے چیف آرگنائزر عامر جعفری نے کہا کہ دوسری مومینٹم کانفرنس آئندہ ہفتہ کراچی میں شروع ہوگی جس میں شرکت کے لئے ملک کے دور دراز علاقوں اور بیروں ممالک سے نوجوانوں کی بڑی تعداد کراچی پہنچنا شروع ہو گئی ہے ، کانفرنس کا مقصد اعلیٰ تعلیم یافتہ با الخصوص بزنس گریجویٹس نوجوانوں کے درمیان آئیڈیاز پر بحث اور تبادلہ خیال کے ساتھ ساتھ انھیں قومی ضروریات اور عصرحاضر کے تقاضوں کے مطابق کاروبار شروع کرنے میں مدد فراہم کرنا ہے اس ضمن میں گذشتہ کانفرنس میں بنکوں اور مالیاتی اداروں کا اس قدر تعاون حاصل نہ ہو سکا جس قدر امسال ہمیں حاصل ہو رہا ہے جو کہ گذشتہ کانفرنس کی کامیابی کا واضح مظہر ہے جو خوش آئند ہے۔

اس موقع پر ہمایوں بشیر ، علیم جعفری اور انعم شکیل نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :