ڈیزل پر 40روپے اور پیٹرول پر 34روپے سے زائد وصولی عوام پر ظلم ہے ، سینیٹر عاجز دھامراہ

جمعرات 15 فروری 2018 22:22

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 فروری2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے سیکریٹری اطلاعات سینیٹر عاجز دھامراہ کراچی ڈویڑن کے ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات شکیل چوہدری اور ضلع شرقی کے سیکریٹری اطلاعات وقاص شوکت نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ن لیگ کی وفاقی حکومت کی جانب سے ڈیزل اور پیٹرول پر بے تحاشہ ٹیکس عوام دشمنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ڈیزل کی ایکس ریفائنری قیمت 55 روپے 9 پیسے ہے جبکہ ن لیگ صارفین سے ڈیزل کی قیمت 95 روپے 83پیسے وصول کررہی ہے اور ایک لیٹر پیٹرول کی ایکس ریفائنری قیمت 50 روپے 27 پیسے جبکہ صارفین کو فی لیٹر 84 روپے 51پیسے دیا جا رہا ہے۔

اس طرح حکومت ڈیزل کے ہر لیٹر پر 74فیصد ٹیکس وصول کررہی ہے اور ڈیزل 40روپے 74پیسے اور پیٹرول پر حکومتی ٹیکسز34 روپے 24پیسے لیا جارہا ہے یعنی پیٹرول کی مد میں بھی حکومت اصل قیمت پر 68 فیصد ٹیکس وصول کررہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی ناقص پالیسیوں اور بادشاہی سوچ نے انہیں عوام کے سامنے ذلیل ورسوا کیا ہوا ہے، ن لیگ نے ملک کے قیمتی اثاثے گروی اورعوام کو قرضوں کے بوجھ تلے روند ڈالا ہے اور اپنی شاہ خرچیوں پر کنٹرول کرنے کیلئے بجائے غریب عوام کی جیبوں پر ڈاکہ مارا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے ہمیشہ اپنے دور اقتدار میں غریب، مزدور، کسانوں اور متوسطہ طبقے کی زندگی اجیرن کی ہے اور لوگوں کا معاشی قتل عام کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :