Live Updates

سکندر حیات خان شیرپائو نے تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کے بی آر ٹی منصوبے کو الیکشن کمپین قرار دیا

جمعرات 15 فروری 2018 22:18

سکندر حیات خان شیرپائو نے تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کے بی آر ٹی منصوبے ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 فروری2018ء) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپائو نے صوبائی حکومت کے بی آر ٹی منصوبے کو الیکشن کمپین قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ٹھوس اور سنجیدہ منصوبہ بندی نہ ہونے کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ،وہ حکمرانوں کی غیر سنجیدہ پالیسیوں کی بدولت مایوسی کا شکار ہیں، صوبہ میں کوئی تبدیلی آئی بھی ہے تو صرف اورصرف سوشل میڈیا تک محدود ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے جمعرات کے روز وطن کور پشاور میں ایک شمولیتی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر ناظم ظاہر شاہ نے اپنے ساتھیوں اور خاندانوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔سکندر شیرپائو نے پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ قومی وطن پارٹی ایک عوامی جماعت ہے اور یہی وجہ ہے کہ آئے دن اس میں دوسری پارٹیوں کے کارکن شمولیت کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اس دوران انھوں نے صوبائی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ریپڈ بس ٹرانزٹ منصوبہ میں صوبائی حکومت کی غیر سنجیدگی نے ان کے تبدیلی کے وعدے بے نقاب کر دیئے ہیں،منصوبہ کیلئے موثر پلاننگ کا فقدان ہے جس نے شہریوں کی پریشانیوں میں مزید اضافہ کردیا ہے۔انھوں نے کہا کہ اس سے قبل پشاور بیوٹی فیکیشن اوربلین ٹری منصوبوں میں صوبائی حکومت مکمل طور پر ناکام ہوئی ہے ،ان منصوبوں پر عوام کا پیسہ پانی طرح لگایاگیا ،اس سے ان کی تبدیلی کے دعوے بے نقاب ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر پی ٹی ائی کی جانب سے صوبہ میں کوئی تبدیلی آئی بھی ہے تو صرف اورصرف سوشل میڈیا تک محدود ہیں ۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اس طرح کے کھوکھلے ہتکنڈوں سے صوبہ کے عوام کو مزید بے راہ رو نہیں کرسکتے کیونکہ وہ تبدیلی کے دعویداروں کا اصل چہر ہ پہچان چکے ہیں ۔انھوں نے کہا کہ تعلیم ،صحت اور دیگر محکموں میں اصلاحات کا ڈھنڈورا پیٹنے والوں کی تقریباً پانچ سالہ کارکردگی عوام نے دیکھ لی ہے اور آئندہ ان کے پرفریب اور خالی خولی نعروں میں ہر گز نہیں آئیں گے۔

قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین نے افغانستان کے ساتھ روابط کو زیادہ اہمیت دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے دونوں ممالک کے مابین حالیہ وفود کے تبادلے کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ خطہ میں امن ،خوشحالی اور معاشی استحکام کے قیام کیلئے دونوں ممالک میں اچھے تعلقات انتہائی ضروری ہے کیونکہ دونوں ممالک کا امن ایک دوسرے کے ساتھ جڑا ہوا ہے اور دونوں ممالک میں امن کے خطے پر مثبت جبکہ بدامنی کی صورت میں منفی اثرات مرتب ہوں گے۔انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی پختونوں کی ترجمان ہے اور پارٹی پختونوں کی خوشحالی اور خطہ میں امن اور معاشی و اقتصادی استحکام کیلئے ہر سطح پر جدوجہد کرے گی اور اس ضمن میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا جائے گا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات